سرکاری اسکولوں پر اعتماد بڑھانے کی طرف پہلا قدم، وزیر تعلیم سندھ نے اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخل کرادیا

کراچی( بی ایل ٰآئی) وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے اسمبلی میں کیے گئے اعلان کے مطابق اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخل کرا دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اپنی 8 سالہ بیٹی کیف کو حیدرآباد کے گورنمنٹ گرلز میراں اسکول میں تیسری جماعت میں داخل کرایا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بچی کو سرکاری اسکول میں داخل کرادیا اب دوسرے اراکین کے لیے امتحان ہے۔

سردار شاہ نے کہا کہ جب ابتدا منسٹر اور ٹیچر سے ہوگی تو تعلیم کا معیار بھی اچھا ہوگا، سب سے بڑا مسئلہ اونرشپ کا ہے اور شروعات اوپر سے ہوگی تو تعلیم کا معیار بھی اچھا ہوگا۔سردار شاہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں پر اعتماد بڑھانے کی طرف پہلا قدم ہے، ابھی آغاز ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم کی صاحبزادی کیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میرے والدین نے سرکاری اسکول سے پڑھا اور میں بھی سرکاری اسکول سے پڑھنا چاہتی ہوں، آج اسکول کا ماحول دیکھ کر بہت اچھا لگا ہے۔

یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے سندھ اسمبلی میں کھڑے ہو کر اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی صاحبزادی کو سرکاری اسکول میں داخل کروا کر سرکاری اسکولوں پر عوام کا اعتماد بڑھائیں گے اور معیار تعلیم بلند کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

 

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.