سبزیوں اورایندھن کے نرخ بڑھنے سے مہنگائی میں 0.6 فیصد کا اضافہ

کراچی: 

سبزیوں اور فیول کے نرخ بڑھنے سے پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پرافراط زرکی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.59 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 2.077 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

پاکستان بیورو شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 16 فروری2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 21 اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جبکہ 8اشیا کی قیمتیں کم اور 24کی مستحکم رہیں، گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 23.09 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹماٹر کی ملک میں اوسط قیمت 44.73 روپے فی کلوگرام ہوگئی جبکہ زندہ مرغی 10.39 فیصد کے اضافے سے 143.32 روپے فی کلوگرام، آلو4.79 فیصد بڑھ کر24.96 روپے فی کلوگرام، پیاز2.31 فیصد بلند ہو کر 31.04 روپے فی کلو، کیلے 2.09 فیصد کے اضافے سے 74.65 روپے فی درجن، پٹرول کی قیمت1.45 فیصد بڑھ کر 72.13 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.26 فیصد چڑھ کر 81.38 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

دوسری جانب نہانے کا صابن0.92 فیصد، چائے کی پتی0.87 فیصد، ہڈی والا گائے کا گوشت0.76 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.72 فیصد، دہی 0.70 فیصد، لہسن0.62 فیصد، ویجیٹبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.50 فیصد، بکرے کا گوشت0.45 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.38 فیصد، تازہ دودھ0.37 فیصد، گندم0.13 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن) 0.10 فیصد، آٹا0.08 فیصد اور گڑ0.07 فیصد مہنگا ہوگیا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی انڈے کے نرخ میں 7.01 فیصد ہوئی جس کے نتیجے میں انڈے 108.32 روپے درجن ہوگئے، دال چنا 2.60 فیصد، دال ماش2.30 فیصد، ایل پی جی سلنڈر 2.16 فیصد، چینی1.27 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی1.21 فیصد، دال ماش0.51 فیصداور دال مونگ کی قیمت میں 0.35 فیصد کی کمی ہوئی۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.