آکلینڈ: سال 2018 کے استقبال کا آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے ہوگیا اور اس موقع پر شاندار آتشباری کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
امن کی امیدوں، خوشحالی کی تمناؤں اور نیک ارادوں کے ساتھ کئی ملکوں میں نئے سال کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
دنیا میں سب سے پہلے سال نو کا جشن نیوزی لینڈ کے اسکائی ٹاور سے شروع ہوا جہاں گھڑی پر 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔
نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کا جشن منانے کے لئے 12 ہزار پونڈ وزنی رنگ برنگی روشنیوں سے سجی گیند کو 130 فٹ اونچے کھمبے پر پہنچا دیا گیا جہاں 12 بجتے ہی گیند کو روشن کیا جائے گیا، ٹھنڈے ٹھار موسم میں اس نظارے کو دیکھنے کے لئے نیویارک میں دس لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔
دبئی کے برج خلیفہ پر بھی نئے سال کے جشن کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جہاں ہزاروں سیاح اور مقامی افراد آتش بازی کا مظاہرہ دیکھیں گے۔
دیگر ملکوں میں بھی گھڑی کی سوئیوں کے ساتھ دیوانوں کی دھڑکنیں تیز ہونے لگی اور سیاحوں کی بڑی تعداد برازیل پہنچنا شروع ہوگئی۔برطانیہ میں سال نوکے جشن سے پہلے اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور لندن آئی پر آتش بازی کا نظارہ کرنے والوں کو سیکیورٹی سےگزارا جائےگا۔
جرمنی سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں سورج غروب ہوتے ہی کنسرٹ ہوں گے اور آتش بازی کی جائے گی۔روس میں من چلوں نے سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لئے مشہور بیکل جھیل میں انڈر واٹر پارٹی منائی اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر درخت کی شکل بنانے کی کوشش کی۔