کراچی (بی ایل ٰآئی)سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کے حکومتی اعلان پر پیپلز پارٹی کا ردعمل سامنے آگیا۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اس حوالے سے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔
ایک بیان میں سعید غنی نے کہاکہ آصف زرداری پر اثاثے چھپانے کا الزام لگانے والوں میں سے کچھ تو اپنے بچے تک چھپائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ زرداری صاحب کو اثاثے چھپانے کے نتیجے کا علم نہ ہو۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک سے جمہوریت اور اپوزیشن کو ختم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی ملک کو ون یونٹ میں بدلنے نہیں دے گی، سلیکٹڈ وزیراعظم جمہوریت کے لبادے میں آمریت نافذ کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں کہا تھاکہ آصف علی زرداری امریکا میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، جو انہوں نے اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہاتھاکہ آصف رزداری اثاثے چھپانے پر قومی اسمبلی کے ممبر بننے کے اہل نہیں رہے۔