کراچی( اشتیاق شاہ) سمندری وڈیروں کے ظلم و بربریت کا شکار ریڑھی گوٹھ کے سینکڑوں ماہی گیروں کی طرف سے گذشتہ روز دبلا محلہ سے مین سوزوکی اسٹاپ ریڑھی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ماہی گیروں سمیت بڑی تعداد میں عورتوں اور بچوں نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے اور وہ تپتی دھوپ میں فلک شگاف نعریبازی کر رہے تھے۔ جبکہ ریلی کی قیادت علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیت سہیل جاموٹ، پاکستان فشر فوک فورم کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری طالب کچھی، کزبانو، عائشہ، خدیجہ، حاجی احمد، مصطفی قاسمانی و دیگر نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیت سہیل جاموٹ نے کہا کہ قاتل سمندری وڈیروں کی طرف سے ماہی گیروں سے زیادتیاں انتہا تک پہنچ گئی ہیں، لیکن اب وہ وقت آ پہنچا ہے جب ہم سب ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیروں کی تحریک میں شامل ہوکر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو کسی بھی صورت ظالم سمندری وڈیرے داؤد جت اور ان کے بیٹوں کے سامنے جھکنا نہیں چاہئے اور انہیں بتانا چاہئے کہ جب ظالم کے سامنے مظلوم ڈٹ کر کھڑا ہوجاتا ہے تو فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔ ریلی سے کزبانو، حاجی احمد، ابوبکر اور مصطفی قاسمانی نے کہا کہ سمندری وڈیروں نے ہم ماہی گیروں سے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بے گناہ ماہی گیر گذشتہ چار دہائیوں سے سمندری وڈیروں کے مظالم اور سکھن تھانہ پولیس کی زیادتیاں برداشت کرتے آرہے ہیں، لیکن کوئی بھی ہماری مدد کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندری وڈیروں کی بدمعاشی کی وجہ سے ان کی بچیاں تک محفوظ نہیں، جس کی مثال کچھ ماہ قبل ضلع کونسل کراچی کے وائس چیئرمین رفیق داؤد جت کی طرف سے ہماری بچی کو زبردستی اغوا کرانے کی کوشش ہے اور ان کے اس بیہودہ عمل کیخلاف ایف آئی آر بھی درج ہے، مگر ہم غریب ماہی گیروں کو سمندری وڈیرے اپنا غلام اور سکھن پولیس لاوارث کر کے مارنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن اب تک ڈاکس پولیس شہید ماہی گیر عثمان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل، اسمگلر و سمندری وڈیرے داؤد جت اور ان کے بیٹوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور شہید بینظیر بھٹو کا اپنی گھٹیا حرکات سے سر جھکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے، لیکن کچھ سالوں سے مفاد پرست سمندری وڈیرے، جاگیردار اور کرپٹ افراد گدھ بن کر پارٹی کا گوشت نچوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے کردار کو نقصان پہنچانے والے قاتل سمندری وڈیروں کو پارٹی سے نیکالی دیکر ہم غریب ماہی گیروں کے ووٹ کی عزت کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کر کے سمندری وڈیرے داؤد جت اور ان کے بیٹیوں کے مظالم سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر ہمیں انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو ریڑھی گوٹھ کے 60 ہزار سے زائد ماہی گیر آئندہ الیکشن کے دوران ووٹ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کیخلاف احتجاج رکارڈ کرائیں گے۔
About BLI News
3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.