پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کی آمدورفت اور حادثات سے بچاؤ کے لئے موبائل ایپ تیار کرلی ہے ۔ دس فروری کو وزیر اعظم عمران خان افتتاح کریں گے ۔
ریل سے سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کے لئے نئی موبائل فون ایپلیکشن متعارف کرادی گئی ہے ۔ ایپ کو سکھر کے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ نے تیارکیا ہے ۔
پاک ریلو ایپ سے مسافروں کو تمام متعلقہ معلومات دستیاب ہوسکیں گی۔ مثال کے طور پر کونسی ٹرین کب چلے گی اور کیا کیا سہولیات ملیں گی ، ٹرین کہاں موجود ہے اور کب اسٹیشن پہنچے گی ۔
اس ایپ کے استعمال سے ٹرین حادثات میں بھی کمی آئے گی۔ اپیلکشن کے لئے ٹریکرز تمام ٹرینوں میں لگا دئیے گئے ہیں ۔ اس ایپ کو بیک وقت ایک لاکھ صارفین استعمال کرسکیں گے ۔
آئی ٹی ایکسپرٹ مدثر زیدی کہتے ہیں اس ایپ کے استعمال سے 117 سے نجات مل جائے گی، اس ایپ کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ ٹرین کونسے شہر پہنچنے والی ہے، دوسرا اسٹیشن کتنی دیر میں آئے گا اور یہ کہ ٹرین کتنی رفتار سے چل رہی ہے۔
آئی ٹی انجینئر نے پاکستان ریلوے کو یہ ایپ مفت میں بنا کر دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کو ملنے والی عزت اس پیسے سے کہیں زیادہ ہے ۔
ایپلیکشن کوآپریٹ کرنے کے لئے ریلوے افسران کو تربیت بھی دی جاچکی ہے ۔
ریلوے کے مسافر اس ایپ کو اینڈرائڈ اور آئی فون دونوں طرح کے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔