رمضان المبارک … پھل اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں!!

رمضان میں sکھانے پینے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے ۔سحر وافطار کے لئے طرح طرح کے مزیدار پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ رمضان کا مہینہ گرمی میں آیا ہے تو ضروری ہے کہ موسم کے لحاظ سے اپنی کھانے پینے کی عادتوں پر ذرا دھیان دیں۔موسمی پھل اور سبزیاں زیادہ سے زیادہ کھائیں ۔مختلف بیماریوں کولیسٹرول،ہائی بلڈ پریشر،دل کے امراض،بے جا موٹاپا اور جگر کے امراض سے بچیں۔وہ لوگ جو ان امراض میں مبتلا ہیں ان کو خاص ہدایت کی جاتی ہے کہ پھل اور سبزیاں لازمی کھائیں۔سارا دن کے روزے کے بعد پھل اور سبزیوں سے جہاں پانی کی کمی پوری ہوتی ہے وہیں مکمل انرجی بھی ملتی ہے۔ساتھ ہی ان سے چہرہ بھی سرسبز و شاداب رہتا ہے۔ افطاری کے وقت اپنی پسندیدہ چیزیں پکوڑے ،کچوریاں ،سموسے وغیرہ بھی ضرور کھائیں مگراحتیاط سے کھائیں ۔تیل اور مصالحے والی اشیاء کی ذیادتی سے بیمار ہونے کی بجائے اعتدال سےکھائیں اور تندرست رہیں۔ماہر نیوٹریشنسٹ کے مطابق بھی رمضان کے دوران پھل اور سبزیوں کا استعمال کرنا اچھی صحت کے لیے ضروری ہے۔پھلوں کے تازہ جوسز اور شیکس بھی پئیں ۔جبکہ پھل اور سبزیوں سے بنے مزیدار فروٹ چاٹ اورسیلڈ بھی خوب ذائقہ دیتے ہیںاور تندرست رکھتے ہیں۔چند مزیدار تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

ویجیٹبل سیلڈ ود یوگرٹ ڈریسنگ

اجزاء۔

پھول گوبھی ۔دو سو پچاس گرام (پھول الگ کر لیں)

گاجر۔ دو عدد (سلائس میں کٹی ہوئی)

مٹر ۔تین چوتھائی کپ

آلو۔ دو عدد (کیوبز میں کٹے ہوئے)

ہری مرچ۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

دہی ۔ایک کپ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

شہد ۔دو کھانے کے چمچ

کالا نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

کریم ۔آدھا کپ

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے ۔سرونگ کے لئے

ہرا دھنیا ۔گارنشنگ کے لئے

ترکیب۔

پھول گوبھی اور گاجر کو نمک والے پانی میں پکا لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ٹھنڈا کرلیں۔

پھر مٹر کو نمک والے پانی میں ابال لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ٹھنڈا کرلیں۔

آلوؤں کو ابال لیں اور چھیل کر کاٹ لیں اور پھر ٹھنڈا کرلیں۔

پھر ایک پیالے میں دہی، نمک، شہد، کالا نمک، کریم اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔

تمام سبزیاں دہی والے مکسچر میں ڈال کر مکس کرلیں۔

سرونگ ڈش میں سلاد کے پتے بچھا کر اوپر دہی اور سبزیوں کا مکسچر ڈال دیں۔

ہرے دھنیا سے گارنش کرکے ٹھنڈا سرو کریں۔

ڈیزرٹ سلاد

اجزاء۔

گوبھی۔ آدھا کپ

گاجر ۔آدھا کپ

کشمش۔ آدھا کپ

مکس فروٹس۔ ایک کپ

میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ۔ ایک پیکٹ

ڈیزرٹ کریم آدھا کپ

اسٹرابیری ۔چھ سے آٹھ عدد

ترکیب۔

گوبھی، گاجر، کشمش، مکس فروٹس، میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ اور کریم کو اچھی طرح مکس کرکے ٹھنڈا کر لیں۔

اسٹرابری سے گارنش کرکے سرو کریں۔

فروٹ چنا چاٹ

اجزاء۔

سفید چنے۔ ایک پاؤ

سیب ۔ایک پاؤ

امرود۔ ایک پاؤ

سرخ انار۔ ایک عدد (چھوٹا سائز)

کیلے۔3 عدد

لیموں کا رس۔حسبِ ضرورت

نمک۔ حسب ضرورت

لال مرچ ۔چائے کا چوتھائی

کالی مرچ۔ ایک چٹکی

چینی۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب۔

چنے گلا لیں۔ سیب چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ انار کے دانے نکال لیں۔ امرود کے بھی ٹکڑے کر لیں۔کیلے کے گول قتلے بنا لیں۔پیالے میں تمام پھلوں کو مکس کر کے ڈالیں۔ فروٹ پر لیموں کا رس ڈال کر ملائیں۔چنے گلا کر شامل کر یں اور حسب ذائقہ نمک مرچ ڈالیں۔چینی ڈالیں اور تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کر یں ۔چنا چاٹ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

فتوش

اجزاء۔

پیاز۔ چوکور کٹی ہوئی ایک عدد

کھیرا۔ چوکور کٹاہوا ایک عدد

ٹماٹر۔ چوکور کٹا ہوا ایک عدد

شملہ۔ مرچ(چوکور کٹی ہوئی) ایک عدد

پیٹا بریڈ۔ 2عدد

ہرے زیتون۔8عدد

کالے زیتون۔8عدد

اجمودہ۔ 4/1گڈی

پودینے کے پتے۔ چند عدد

پسی ہوئی کالی مرچ۔ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ 2کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

زیتون کا تیل۔ 3کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے ، پیٹا بریڈ، (سینکی ہوئی)۔ سجانے کے لئے

ترکیب۔

پیٹا بریڈ کو گرم توے پر دونوں جانب سے سینک کر اتار لیں۔ اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے ایک پیالے میں ڈالیں۔ اس میں باقی تمام اجزاءشامل کرکے اچھی طرح سے ملائیں۔ سرونگ ڈش کو سلاد کے پتوں اور پیٹا بریڈ سے سجائیں اور فتوش ڈال کر پیش کریں۔

والڈروف سلاد

اجزاء۔

سیب(ہرے سخت والے)۔تین سے چار عدد

کھجور۔ایک پیالی

مارش میلوز۔آدھی پیالی

نمک۔حسب ذائقہ

چینی۔ ایک چائےکا چمچ

کالی مرچ کٹی ہوئی۔آدھا چائےکا چمچ

مایونیز۔آدھی پیالی

فریش کریم۔ آدھی پیالی

اجوائن۔دو کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔دو کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے۔ حسب ضرورت

سرخ شملہ مرچ۔ حسب پسند

اولیو آئل۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں اولیو آئل، نمک، چینی، لیموں کا رس اور کالی مرچ ڈالیں، کانٹے کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ کر ڈریسنگ بنالیں اور دس سے مندرہ منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ شملہ مرچ کو دھو کر کچھ دیر کے لئے ٹھنڈے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ سبزیوں کو دھو کر چھوٹے ٹکڑے کاٹیں اور تیار کی ہوئی ڈریسنگ میں ڈال کر رکھ دیں۔ کھجور کو دھو کر ان کے بیج نکالیں اور چھوٹے ٹکڑے کر کے سیب والے پیالے میں ڈال دیں۔ کریم کو پیکٹ سے نکال کر صاف خشک پیالے میں ڈالیں اور فریج رکھ کر ٹھنڈی کر لیں۔ پھر اسے ہلکا سا پھینٹ کر اس میں مایونیز ملالیں۔ اس میکسچر کو سیب والے پیالے میں ڈال کر اس میں شملہ مرچ کے ٹکڑے شامل کر دیں اور چمچ کی مدد سے احتیاط سے ملالیں اور پھر باؤل میں نکال کر سرو کریں۔

تربوز سیلڈ

اجزاء۔

تربوز – ۔ایک عدد

لیموں۔ – دو عدد

پودینہ۔چند پتے

کٹی کالی مرچ – ۔آدھا کھانے کا چمچ

ادرک۔ – دو کھانے کے چمچ

پیاز۔ – ایک عدد

کھیرا۔ایک عدد

شہد۔ – دو کھانے کے چمچ

چینی۔ – دو کھانے کے چمچ

نمک – ۔ حسب ذائقہ

ترکیب۔

تربوز کے چوکور چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر بیج نکال دیں۔ پھر ایک پیالے میں تربوز ڈال کر فریج میں رکھ دیں، تاکہ ٹھنڈا ہو جائے، اب فرائنگ پین میں شہد، لیموں کا رس، چینی اور حسبِ ذائقہ نمک ملاکر کیریمل سوس بنائیں اور اس میں ادرک ملا دیں ۔پھر اسے تربوز کے اوپر چاروں طرف ڈالیں اور کالی مرچ چھڑک دیں۔اس کے بعد پودینے کے چند پتے ڈال کر سب چیزیں ملالیں۔ آخر میں آدھے گھنٹے فریزر میں رکھنےکے بعد سرو کریں۔

فروٹ سٹو

اجزاء۔

امرود ۔1کپ

آڑو ۔1کپ

سیب ۔1کپ

خوبانی ۔1کپ

ناشپاتی۔1 کپ

سردا۔ 1کپ

چینی۔ 1کپ

کریم یا ملائی۔ حسب ِضرورت

ترکیب۔

سارے پھلوں کے چھلکے اتار یں ۔ بیج وغیرہ نکال دیں اور حسب ضرورت سب کے ٹکڑے بنائیں۔ پھر ایک دیگچی میں سارے پھلوں کے ٹکڑے ڈال دیں اور اس میں اس قدر پانی ڈالیں جس میں سارے پھل ڈوب جائیں۔ دیگچی میں چولہے پر چڑھا دیں اور سارے پھلوں کو پانی میں اتنا ابلنے دیں کہ وہ نرم ہو جائیں۔ جب دیکھیں کہ پھل نرم ہو گئے ہیں تو ان کے ساتھ چینی شامل کر دیں۔ چینی کم یا زیادہ ڈال کر میٹھا ہلکا زیادہ رکھ سکتے ہیں۔ چینی ڈالنے کے پانچ منٹ بعد دیگچی کو چولہے سے اتار لیں۔ سٹو کو شیرے کے ساتھ ہی استعمال کرتے ہیں۔ اس کے اوپر کریم یا ملائی بھی ڈالی جاتی ہےجبکہ کسٹرڈ بھی ڈالا جاسکتا ہے۔

فروٹ اینڈ چکن سالسہ سیلڈ

اجزاء۔

چکن ۔تین سو گرام (بون لیس)

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسا ہوا)

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

تیل ۔ایک کھانے کا چمچ

پیاز ۔ایک عدد (کٹی ہوئی)

سلاد کےپتے۔ ایک کپ (باریک کٹے ہوئے)

گوبھی ۔ایک کپ

سالسہ کے لئے۔

ٹومیٹو کیچپ۔ آدھا کپ

لیموں کا رس ۔دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ ۔دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

اوریگانو ۔آدھا چائے کا چمچ

آم ۔ایک عدد

آلو بخارے ۔چار عدد

نمک ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب۔

پہلے چکن پر لال مرچ، زیرہ، نمک اور تیل لگا کر درمیانی آنچ پر دس منٹ پکالیں۔

سالسہ کے لیے: ٹومیٹو کیچپ، لیموں کا رس، ہری مرچ، اوریگانو، آم، آلو بخارے اور نمک مکس کر لیں۔

اب پلیٹر میں پہلے سلادکے پتے، گوبھی اور کٹی پیاز ڈالیں۔

پھر ان پر چکن رکھ کر اوپر سے سالسہ ڈال دیں۔

مزے دار فروٹ اینڈ چکن سالسہ سیلڈ تیار ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.