لاہور:
رمضان المبار ک کی آمد کے ساتھ تاجروں نے حسب روایت اشیا کی قیمتوں میں راتوں رات من مانا اضافہ کردیا جن سبزیوں کی قیمت ایک ہفتہ قبل تک 50روپے فی کلوگرام تھی وہ 60سے 70روپے فی کلو گرام تک کردی گئی ہیں.
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اس کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں اور وہ بھی اب 80 سے 100 فی درجن تک فروخت ہورہاہے جن سزیوں کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں ان میں آلو، ٹینڈے ، بینگن، ادرک، لہسن، لیموں ، میتھی ، شلجم، شملہ مرچ، حلوہ کدو، پیاز اور ٹماٹر وغیرہ شامل ہیں ،پھلوںمیں کیلے کے علاوہ سیب ، آڑو، فالسہ، خوبانی ، آم ، کھجور کے نرخ بھی بڑھا دیے گئے ہیں،عوام کا کہناہے کہ لٹیروں کو کوئی پوچھنے والانہیں۔
رمضان سے قبل 25 روپے کلو میں فروخت ہونے والا آلو اب40 روپے، پیاز 30 سے 40 ، لیموں نے تو400 روپے فی کلو کیساتھ ہوش ہی اڑا دیے جبکہ ہری مرچ 60 روپے کلو تک جاپہنچی، پھلوں کی قیمتوں میں 25 روپے کلو فروخت ہونے والا تربوز 50روپے، آڑو 300، آلو بخارا 400، سیب 150،لال سیب 300، چیکو 100، فالسہ 120،آمٓ 120 اور خوبانی 200 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے، سبزیوں اور پھلوں میں اضافہ کے بعدبیسن 40 روپے کے اضافے کے ساتھ 140 روپے، چاول 10 روپے اضافہ کے ساتھ 130 دال چنہ 12 روپے اضافہ کے ساتھ130 اور مرغی کے نرخوں میں 20 روپے فی کلو کا اضافہ کردیاگیاہے جس پر شہریوں کے ہوش اڑے ہوئے ہیں اور سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے حکومت ماہ رمضان میں کھانے پینے کی اشیاکے نرخوں میں استحکام لانے کے دعوؤں کے بجائے عملی اقدمات کرے تاکہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا میسر آسکیں۔