راولپنڈی(محمد سلیم) تھانہ صادق آباد پولیس نے مقامی صحافی کو دھمکیاں دینے پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے
نجی ٹی وی چینل و اخبار کے رپورٹرفرحان حسین جعفری سکنہ اقبال ٹاؤن نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ 29ستمبر کی شام انٹرنیشنل نمبروں سے یکے بعد دیگرے موصول ہونے والی 2الگ الگ فون کالوں پرنامعلوم شخص نے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ تم باز کیوں نہیں آتے ہم تمہیں پہلے بھی دوتین مرتبہ اشارہ دے چکے ہیں کال کرنے والے شخص نے اسے دھمکی دی کہ تم اپنے ساتھ گھر والوں کو بھی مرواؤ گئے لہٰذا خود اور اپنے اہل خانہ کو ساتھ لے کر علاقہ چھوڑ دو ورنہ انجام برا ہو گا
جس پرصادق آباد پولیس نے ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25ڈی کے تحت مقدمہ نمبر864درج کر لیا ہے یاد رہے کہ قبل ازیں بھی فرحان حسین جعفری کے گھر پر فائرنگ سمیت پہلے بھی 3واقعات میں نامعلوم افراد عملی طور پر انہیں ہراساں کر چکے ہیں جن کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج ہیں
لیکن پولیس کی جانب سے کوئی موثر کاروائی نہیں ہو سکی دریں اثنا پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ، آر آئی یو جے کے صدر مبارک زیب، سیکریٹری علی رضا علوی، نیشنل پریس کلب کے صدر طارق چوہدری، سیکریٹری شکیل انجم، کرائم اینڈ کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر قیصر شیرازی
سیکریٹری راجہ لیاقت سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے فرحان حسین جعفری سمیت دیگر صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے فوری عملی اقدامات کرے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعہ سزا دی جائے صحافتی تنظیموں نے خبردار کیا کہ فرحان کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ داری مقامی پولیس اور انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔