نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)انڈیا کے قصبے پنچکلا میں ایک خصوصی عدالت نے ڈیرہ سچا سودا نامی تنظیم سے تعلق رکھنے والے گرو گرمیت رام رحیم کو جنسی زیادتی کے معاملے میں مجرم قرار دینے کے بعد پرتشدد ہنگاموں میں 35 افراد ہلاک ہو گئے ۔گرو گرمیت رام رحیم پر 15 برس پہلے دو خواتین کے ساتھ ریپ کا الزام تھا۔ ان کی سزا کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد ہی ریاست ہریانہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور گرو کے حامیوں کے درمیان زبردست جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ان چھڑپوں میں اب تک تقریباً 35افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ مقامی اخبارات نے یہ تعداد اس سے زیادہ بتائی ہے جبکہ 250 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حالات بے قابو ہو جانے کے بعد فوج کو طلب کیا گیا جس نے متاثرہ علاقوں میں فلیگ مارچ کیا اور کرفیو کا اعلان کیا جو بدستور جاری ہے۔فوج کی تعیناتی کے بعد سے علاقے میں حالات قابو میں ہیں لیکن یہ سکون صرف دیکھنے میں لگتا ہے، ویسے حالات بہت کشیدہ ہیں۔اس دوران تشدد کے واقعات دہلی تک پہنچ گئے ہیں جہاں ہفتہ کی صبح گرو کے حامیوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور بسوں میں آتشزنی کے واقعات ہوئے ، دہلی کی انتظامیہ نے کئی علاقوں میں دفعہ 144 کا اعلان کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں میڈیا کو بھی نشانہ بنایا گیا اور بعض ٹی وی چینلوں کی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ ان واقعات میں کئی صحافی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض اب تک لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔پنچکلا کے کمشنر اے ایس چاولہ نے بتایا کہ کل زخمیوں کے بارے میں ابھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا تاہم کچھ پولیس اہلکاروں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔بھارت کے وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹر کے پیغام میں کہاکہ میں نے قومی سلامتی کے مشیر اور ہوم سیکریٹری کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا ہے۔ میں حکام سے اپیل کرتا ہوں کہ حالات معمول پر لانے کے لیے دن رات ایک کر دیں اور تمام ضروری مدد لوگوں تک پہنچائیں۔حکام نے پنچکلا، فیروز پور، بھٹنڈہ اور مانسا میں کرفیو نافذ کر دیا ہے جبکہ فتح آباد اور فرید کوٹ میں ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف علاقوں سے بہت سے لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔پنجاب اور ہریانہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے گرو گرمیت کے حامیوں سے امن اور امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ ‘ہم کسی کو ریاست میں ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
About BLI News
3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.