دیارِ غیر جانے والوں کےلیے مفید ایپس

کراچی

جو خواتین و حضرات طویل پروازوں کے بعد یورپ، امریکا یا برطانیہ وغیرہ جاتے ہیں وہ ایک جانب تو ایئرپورٹ، فضائی سفر، وقت کی تنگی اور سیکیورٹی چیک سے پریشان رہتے ہیں لیکن دوسری جانب دیارِ غیر میں بہت سی سہولیات تلاش کرنے میں مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

تاہم اب اسمارٹ فون اور ایپس کی بدولت کئی اہم سہولیات آپ کی انگلیوں کے اشارے پر ہوتی ہیں۔ ذیل میں بعض کارآمد اور مفت ایپس اور ان کا مقصد پیش کیا جارہا ہے۔ یہ آپ کے سفر کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو کئی مشکلات سے بھی بچاتی ہیں۔

پیک پوائنٹ، سامان میں کیا کیا رکھیں

http://www.packpnt.com

سامان پیک کرنا اور ضروری سامان کی فہرست بنانا ایک مسئلہ ہوتا ہے۔ پیک پوائنٹ میں آپ اپنی منزل اور سفر کی تاریخ درج کیجیے تو یہ موسم کے لحاظ سے آپ کو سامان کی ایک فہرست فراہم کرے گی۔ اسی طرح کسٹمائزڈ لسٹ کے ذریعے آپ اپنے سامان کی فہرست کم یا زیادہ بھی کرسکتے ہیں۔ بیرونِ ملک جانے والے خواتین و حضرات موسم کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ 2014 میں ہمارے ایک دوست کولمبس، اوہایو گئے تو وہاں کی سردی برداشت نہ ہوسکی اور مجبوراً ہوٹل سے ایک گرم کوٹ ادھار لینا پڑا۔

وائی فائی میپ

https://www.wifimap.io

یہ کراؤڈ سورس ایپ ہے جس میں دنیا بھر میں مفت وائی فائی کے ہاٹ اسپاٹس موجود ہیں۔ اب تک اس ایپ میں 10 کروڑ کے لگ بھگ مقامات کی نشاندہی موجود ہے اور ہر لمحہ اس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوامی جگہوں پر ہیکنگ اور جاسوسی کے خطرے کے باوجود یہ ایک بہترین ایپ ہے جو آپ کے بہت کام آسکتی ہے۔ اس کا نقشہ آف لائن بھی ڈاؤن لوڈ ہوجاتا ہے اور اس کےلیے موبائل فون کا ڈیٹا استعمال نہیں کرنا پڑتا۔

گوگل ٹرانسلیٹ

https://itunes.apple.com/gb/app/google-translate/id414706506?mt=8

بیرونِ ملک زبان شناسی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس ضمن میں گوگل ٹرانسلیشن ایپ کسی نعمت سے کم نہیں۔ اب تک اس میں 103 زبانیں ترجمہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ 59 زبانوں کو کسی ڈیٹا کنکشن کے بغیر پہلے سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے جبکہ 38 زبانوں کو اسی وقت ترجمہ کیا جاسکتا ہے جب آپ سڑک پر لگے بورڈ یا کھانے کے مینو کو کیمرے سے دیکھتے ہیں۔ اگرچہ یہ ایپ غلطیوں سے مبرا نہیں لیکن کام چلانے کےلیے بھی بری نہیں۔

ایئر بی این بی، کم خرچ رہائش

https://www.airbnb.com/

انٹرنیٹ کی آمد سے اب عام لوگ اپنے گھروں میں لوگوں کو ٹھہرانے کے لیے جگہ فراہم کررہے ہیں اور وہ اس ویب سائٹ پر اشتہار دیتے ہیں۔ یہ رہائش ہوٹلوں اور باقاعدہ ریستورانوں سے بہت کم خرچ ہوتی ہے اور لوگ بڑی تعداد میں اس سروس پر انحصار کرتے ہیں۔ ایئر بی این بی اب پاکستان سمیت پوری دنیا میں موجود ہے۔

اوبر

https://www.uber.com

اوبر ٹیکسی سروس کی ایپ اب تقریباً ہر ملک میں موجود ہے۔ اگر آپ کو اس ملک کی زبان نہ بھی آتی ہو تب بھی اوبر ایب کا استعمال بہت آسان ہے۔ چاہے کوئی کچھ بھی کہے، اوبر ٹیکسی دنیا بھر میں سستی ہے۔ سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عام ٹیکسی 60 سے 50 ڈالر لیتی ہے جبکہ اوبر زیادہ سے زیادہ 20 ڈالر میں آپ کو منزل مقصود پر پہنچادے گی۔

سِٹ اور اسکواٹ، پبلک ٹوائلٹس ایپ

https://www.sitorsquat.com

بیرونِ ملک ٹوائلٹس ڈھونڈنے میں معاون اس ویب سائٹ میں دنیا بھر کے بڑے شہروں کے ایک لاکھ عوامی بیت الخلا کا ڈیٹا بیس ہے جو گوگل میپ کے ذریعے ظاہر ہوتے ہیں۔ رفع حاجت کےلیے یہ ایپ دنیا بھر میں آپ کے کام آئے گی۔

نوٹ: اس تحریر میں ہم نے گوگل میپس اور دیگر اہم ایپس کا ذکر اس لیے نہیں کیا کہ ان کا روزمرہ استعمال ایک معمول بن چکا ہے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.