پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور امن کے قیام کے لئے پاک فوج کے انسداد دہشت گردی کے تربیتی مرکز اپنی خدمات جاری رکھے گا ‘ پاکستان اور چین کی مشترکہ تربیتی مشقوں ” واریئر فور ” سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرتے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق وہ جمعرات کو انسداد دہشت گردی مرکز پبی میں پہلے لانگ رینج سنائپر مقابلے کے جائزہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشت گردی سینٹر پبی کے دورے کے دوران ہائی پروفائل تربیت کے اختتامی سیشن کا مشاہدہ کیا اور پورا دن وہیں گزارا ۔ دو ماہ پر محیط پاک چین مشترکہ مشقوں ” واریئر فور ” میں دونوں ممالک کے اسپیشل گروپس نے شہری اور دیہی علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے عملی مشاہدے کیے ۔
اس موقع پر افسران اور فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تربیتی مشقوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت کے تبادلے سے انسداد دہشت گردی کے لئے پیشہ ورانہ مہارت اور استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقوں سے دونوں ممالک کو خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔
آرمی چیف نے پاک فوج کے ساتھ تربیت کے لئے دوست ملک چین کی شرکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے اور امن کے قیام کے لئے ہمارے تربیتی مرکز کی خدمات جاری رہیں گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے تربیت حاصل کرنے والے رینجرز، پولیس، اے ایس ایف اور دیگر فورسز کے جوانوں اور تربیتی مرکز کے عملے کی مہارت کی تعریف کی ۔
اس موقع پر چینی فوجی کمانڈر کا کہنا تھا کہ تربیت اور مہارت، چین کے لئے اعلی ترین اثاثہ ہے ‘اس پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں ‘یہ تعلقات اور طویل مدتی سٹریٹجک دوستی پر اعتماد کا مظہر ہے ۔آرمی چیف نے پہلے لانگ رینج سپنر شوٹنگ کے مقابلہ سٹرائیکر کپ کا مشاہدہ بھی کیا جس میں ملک بھر سے 100 سے زائد فوجی اور سویلین نے حصہ لیا ۔
آرمی چیف نے بہترین نشانے بازوں کو انعامات سے نوازا۔ ان مقابلوں میں میجر جنید بہترین شوٹر قرار پائے اور اسٹرائیکر کپ جیتا ۔آرمی چیف نے کہا کہ ان مقابلوں میں بھر پور شرکت سے ہمارے باصلاحیت کھلاڑی او پر آئیں گے اور بین الاقوامی سطح پر نشانے بازی کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریںگے ۔قبل ازیں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ پبی پہنچے تو کورکمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے ان کا خیر مقدم کیا