راولپنڈی
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کوختم نہیں کرسکتی، ملک کودرپیش خطرات سے آ گاہ ہیں،خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشہ ورانہ تیاری ضروری ہے، قوم اورتمام ریاستی ادارے ملکی مفادکیلئے مل کرکام کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کامنگلا کورمیں جاری ٹریننگ کے معائنے کے دوران افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم چیلنجزکاسامناکرتے ہوئے بہت آگے تک آچکے ہیں، انشا اللہ پاکستان کاابھرنا یقینی ہے، پوری قوم کومتحد اورپرعزم ہوناچاہیئے۔
منگلا کور آمدپر آرمی چیف کااستقبال کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل اظہرصالح نے کیا ،جبکہ اس موقع پر آئی جی ٹریننگ اینڈایولیویشن لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان بھی موجودتھے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ا فسروں اور جوانوں کے عزم اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں کوسراہا۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں قائداعظم کے قول”دنیاکی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی “کو دہرایا.