جنوبی افریقا:
جنوبی افریقہ کی ایک کان سے ایک نایاب اور خوبصورت ہیرا دریافت ہوا ہے جسے دنیا کا پانچواں بڑا ہیرا قرار دیا گیا ہے۔
اس ہیرے کا وزن 910 قیراط ہے جو لیسوتھو کی ایک کان سے دریافت ہوا ہے۔ ماہرین نے اس کی قیمت کم ازکم 40 ملین ڈالر یا 4 کروڑ ڈالر بتائی ہے اور اس لحاظ سے یہ پاکستانی روپے میں 4 ارب 40 کروڑ کے برابر رقم بنتی ہے۔
ہیرے نکالنے والی ایک کمپنی جیم ڈائمنڈز کے مطابق اسے جس کان سے نکالا گیا ہے اس کا نام لیٹ سینگ ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیرے کی جسامت گولف کی دو گیندوں کے برابر ہے۔ 2006ء میں اسی کمپنی نے دنیا کا ایک اور خوبصورت ہیرا بھی برآمد کیا تھا جسے لیسوتھو پرومِس کا نام دیا گیا تھا اور اس کا وزن 603 قیراط تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا پانچواں بڑا ہیرا ہے اور اس کان سے برآمد ہونے والا سب سے بڑا ہیرا بھی یہی ہے۔ اس ہیرے کی دریافت سے کمپنی کے حصص (اسٹاک) 14 فیصد بلند ہوئے ہیں۔ کمپنی نے ہیرے کی ایک تصویر جاری کی ہے جو خام حالت میں ہے اور اس پر کوئی پالش نہیں کی گئی ہے۔