ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کموڈورطاہرجاوید کا کہنا ہے کہ دفاعی نمائش 22 سے 25 نومبر تک ایکسپوسینٹر کراچی میں منعقد کی جائے گی جس میں 43 ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے ہیں جب کہ نمائش میں سی پیک کی افادیت کو بھی اجاگرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے خصوصی اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کی میڈیا بریفنگ کے دوران بریگیڈیئر وحید، ڈائریکٹر کورڈی نیشن، ڈی ای پی او، ارم اعوان ، ایس پی ٹریفک اور ظہیر نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔نویں آئیڈیاز 2016 سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کموڈورطاہرجاوید کا کہنا تھا کہ دفاعی نمائش میں مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی کمپنیا ں شریک ہوں گی جب کہ 34 ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔
طاہرجاوید نے مزید کہا کہ آئیڈیاز نمائش 2016ء میں مقامی طور پر بنائی گئی اہم مصنوعات جن میں اہم آٹھ بائی آٹھ کی پہلی فوجی گاڑی ،جنگی ٹینک الخالد، جے ایف ۔17 تھنڈر فائٹر ایئر کرافٹ، سپر مشاق، K-8 ایئر کرافٹ، تیزرفتار میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی شامل ہیں پیش کی جائیں گی۔
ڈائریکٹرمیڈیا ڈیفنس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منعقد کی جانے والی آئیڈیازنمائش کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی ملی ہے جس کی وجہ سے اس بار نمائش میں مدعوکیے گئے فارن ڈیفنس ڈیلی گیشنزکامثبت جواب آیاہے، اس بارایکسپوسینٹرکے8 ہالزمیں نمائش کی جارہی ہے کیوں کہ گزشتہ نمائش کے مقابلے میں 9 ممالک زیادہ شرکت کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ2014 میں 2 ایم او یو پر دستخط ہوئے تھے جبکہ اس سال 14 ایم او یوز پردستخط کئے جائیں گے۔آئیڈیاز 2016 کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی معیاری پیداوار میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔کموڈور نے مزید بتایا کہ جن ملکوں کے دفاعی مندوبین کو نمائش میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی تھی وہاں سے بڑا مثبت جواب ملا ہے۔ اس نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں، جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے۔ اس کے علاوہ 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں گی جن کا تعلق دنیا کے 34 ملکوں سے ہے۔ ان کمپنیوں میں 261 غیر ملکی کمپنیاں اور 157 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ڈی ای پی او کی کامیاب مارکیٹنگ کی وجہ سے اس سال 9 مزید ملک آئیڈیاز میں شرکت کررہے ہیں جن میں لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ریپبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، نائیجیریا اور رومانیہ شامل ہیں۔
کموڈور طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر کی زیادہ تر جگہ مختلف ملکوں کی دفاعی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے حاصل کرلی ہے۔ ان ملکوں میں ترکی، چین، روس، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیا، مشرق بعید وغیرہ شامل ہیں۔ اس بار 8 ہالز، مارکی کی صورت میںفراہم کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ تعداد میں کمپنیاں اپنے مصنوعات کو اجاگر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016ء کے دوران دفاعی صنعتی پیداوار میں تعاون بڑھانے کے لیے غیر ملکی وفود، اہم سرکاری حکام، نمائش میں شرکت کرنے والے نمائندگان کے درمیان کئی اہم اعلیٰ سطح اجلاس بھی ہوں گے۔ آئیڈیاز کا ایک اور اہم حصہ انٹرنیشنل ڈیفنس سیمینار بھی ہے جو 22 نومبر کی شام مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ اس کے علاوہ نمائش کے ساتھ ساتھ مختلف کانفرنسیں بھی 23-24 نومبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائیں گی۔ ہم نے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے ذریعے نمائش کی کوریج کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے آئیڈیاز نمائش کو اجاگر کرنے پر میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا کیونکہ آئیڈیاز 2016 میں تقریباً دنیا کے ہر خطے کی نمائندگی موجود ہے اور عالمی سطح پر اس نمائش کی بڑی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں میڈیا کی موجودگی آئیڈیاز 2016ء کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ میڈیا پاکستانی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کی میڈیا بریفنگ کے دوران بریگیڈئیر وحید ممتاز کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے اور یہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اسی لئے دیگر ممالک کی افواج ہمارے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دفاعی شعبے میں بہت آگے ہیں نمائش میں اعلیٰ کوالٹی کی مصنوعات رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے میڈیا کو ٹریفک منصوبے اور متبادل انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جو خاص طور پر آئیڈیاز 2016ء کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک روٹس، انتظامات اور متبادل روٹس کے بارے میں پلان کو ایکسپو سینٹر کے ارد گرد نمایاں کیا جائے گا