داؤد فاؤنڈیشن نے کراچی میں بچّوں کا پہلا میگنیفی سائنس اسٹوڈیو کھول دیا

کراچی(محمد سلیم)30 ستمبر 2018ء: دی داؤد فاؤنڈیشن (TDF) نےکراچی میں اپنی نوعیت کے پہلے میگنیفی سائنس چلڈرنز اسٹوڈیو کے دروازے کھول دیے -جہاں سائنس ،ریاضی ،انجینئرنگ ،ٹیکنالوجی اور دیگر مضامین کی مختلف دلچسپ فریبِ نظر اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے بچے اپنی تعلیمی اورتخلیقی صلاحیتوں کونکھار سکیں گے۔اسٹوڈیو میں بچوں کے لیے ڈھانچوں سے ملاقات، ستارے پکڑنے کے تجربات،کیلوں کی کرسی پر بیٹھنے کا فن اور 60سے زائدمختلف سائنسی تجربات کا اہتمام کیا گیاہے جبکہ بچوںمیں تخلیقی اوراختراعی صلاحیتوں کی نشوونما کے لیے مختلف پروگرامز،لیکچرز، سیمینارز،مباحثے اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا ہے علاوہ ازیں فیملی کی تفریح و طبع کے لیے کیفے اور اسٹوڈیو شاپ بھی قائم کی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے، دی داؤد فاؤنڈیشن کی سی ای او، سبرینا داؤد کا کہنا تھا کہ ”بحیثیت قوم ہمارے لیے یہ بہت اہم ہے کہ ہم اپنے بچوں میں سائنس سے محبت کی شمع ایک بار پھر روشن کریں اور ان میں تنقیدی فکر کو فروغ دیں۔ TDFاسٹوڈیو دورِ حاضر کے جدید ترین تصور ‘اسٹیم’ کے تحت قائم کیا گیا ہے جو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ اسٹوڈیو ایک پُر لطف ماحول کے ساتھ نوجوان شرکا میں قوتِ تخیل اور تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرے گا۔” انھوں نے مزید کہا کہ ”کراچی میں سیکھنے کی ایسی جگہیں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں کیونکہ یہ فیملی ایجوکیشنل انٹرٹینمنٹ فراہم کرتی ہیں۔”

TDF اسٹوڈیو کلاس روم سے باہر تجربات کی ایک نئی دنیا پیش کرتا ہے جہاں مختلف پس منظر رکھنے والے بچّوں کو کھیلنے، سیکھنے، تصور کرنے، سوالات پوچھنے اور سائنس کے عجائبات دریافت کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ سائنس، مسائل کے حل اور تعلیمی سرگرمیوں کی عملی مشق کے ذریعے، TDFاسٹوڈیو کو امید ہے کہ وہ اگلی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکے گا۔

TDF اسٹوڈیو میں مختلف تھیمز پیش کی گئی ہیں، جن میں جوش/طاقت، ریاضی، دماغی کھیل، پری انجینئرنگ، ڈیزائن لیب،صوتی و سمعی، صحت، فریبِ نظر، روشنی اور توانائی شامل ہیں۔ ہر تھیم کے تحت کئی سرگرمیاںترتیب دی گئی ہیں جو انٹرایکٹیو نمائشوں اور تعلیمی کھیلوں پر مشتمل ہیں۔

TDF اسٹوڈیو کراچی میں داؤد سینٹر میں واقع ہے اور اس کے دروازے عوام الناس کے لیے یکم اکتوبر 2018ء سے کھل جائیں گے۔ یہ ہفتے اور اتوار کے دن سمیت پورا ہفتہ کھلا رہے گا۔ TDF اسٹوڈیو کو ورکشاپ، سالگرہ، اسکول ٹرپس اور نمائشوں کے انعقاد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ٹکٹس اسٹوڈیو پر ہی دستیاب ہوں گے۔

دی داؤد فاؤنڈیشن کے بارے میں

دی داؤد فاؤنڈیشن (TDF) تعلیم کے فروغ کے لیے 1960ء کی دہائی سے مصروفِ عمل ہے۔ ابتدائی برسوں میں ادارےقائم کرنے کے ساتھ ساتھ، فاؤنڈیشن نے غیر رسمی تعلیم کی جگہیں بھی قائم کیں جن کے دروازے بلاامتیاز سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔ TDF غیررسمی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جو بچوں کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے آزادانہ اظہار میں مددگار ثابت ہوں گے۔
About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.