پشاور: (بی ایل ٰآئی )
اسپیکر خیبرپختون خوا اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر پشاور والا معاملہ سنجیدہ ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر خیبرپختون خوا اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹوریٹ آف ایگری کلچر پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ یونیورسٹی پر حملے کے حوالے سے ایوان میں بحث کرتے ہوئے مسلم لیگ(ق) کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کا کہنا تھا کہ ایگریکلچر اسٹیٹیوٹ پر حملے کے حوالے سے بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں، حملے میں بچ جانے والے عینی شاہد طالب علم کے بیان کے مطابق حملہ آوروں کے ایک ساتھی دہشت گرد کو کارروائی کےدوران کمرے میں بند کیا گیا تھا لیکن اسے بعد میں مار دیا گیا، میرا سوال یہ ہے کہ قابو میں آئے دہشت گرد سے تحقیقات کئے بغیر اسے ہلاک کیوں گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جعفر شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کب تک اپنے نوجوانوں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے اور کب تک اس طرح کی سانحات کی صرف مذمت کی جائے گی اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی پر حملے کا معاملہ انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے اور اس کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے پر فیصلہ زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالب علم کے بیان کے مطابق کمرے میں بند کئے گئے دہشت گرد کو بعد میں کیوں ماردیا گیا اس حوالے سے بھی تشویش پھیل گئی ہے۔