
کراچی(عبدالستار مندرہ)خشک سردی سے نزلہ، زکام اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق شہری گھروں سے نکلتے وقت سر اور گلے کو پوری طرح ڈھانپ لیں۔ ہائی پروٹین ڈائٹ میں سوپ اور مچھلی کا استعمال زیادہ کیا جائے‘ پینے کیلئے نیم گرم پانی کا استعمال اور تلی ہوئی چیزوں سے بچا جائے۔ ماہر امراض ناک‘ کان و گلا ڈاکٹر شاہد عزیز اعوان نے بتایا کہ خشک سردی اور گردو غبار گلے اور سانس کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ بزرگوں اور بچوں کو ایسے موسم میں خصوصی طور پر بچانا چاہئے۔ سردی میں نکلتے وقت دستانوں‘ گرم مفلر‘ بوٹ‘ جرابوں اور ماسک کا استعمال کیا جائے تاکہ وہ ٹھنڈ سے محفوظ رہ سکیں۔ گلے کی خرابی کی صورت میں کسی ماہر معالج سے مشورہ کرنا چاہئے۔