ڈومینکا(اسپورٹس رپورٹر ) یونس خان اور مصباح الحق ایک ہی وقت میں ایک ہی گراﺅنڈ میں ایک ساتھ موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں کا آج آخری ٹیسٹ میچ تھا، مصباح الحق کے آﺅٹ ہوتے ہی مصباح الحق کی جدائی یونس خان کو برداشت نہ ہو سکی اور35رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔
دنیائے کرکٹ میں 118ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے یونس خان نے اپنے کیرئر کی آخری اننگز کھیلی، اپنے کیرئر کے دوران یونس خان نے کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کئے، انہوں نے34سنچریوں اور33نصف سنچریوں کی مدد سے 10ہزار99رنز بنائے، یونس یہ منفرد ریکارڈ رکھنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں ۔
یونس خان کے آﺅٹ ہوتے ہی سٹیڈیم مس یو مس یو کے نعروں سے گونج اٹھا، شائقین نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمینوں نے عظیم کھلاڑی کو گارڈ آف آنر پیش کیا، سوشل میڈیا پر عظیم کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ٹرینڈ لانچ کیا گیاہے ۔مس یو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ۔