خان صاحب اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں: بلاول بھٹو زرداری

نوابشاہ( بی ایل آٸی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں۔

نوابشاہ میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے 66 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ بینظیر پاکستان کی پہچان تھیں، وہ سیاستدان ہوتے ہوئے باکمال والدہ بھی تھیں، انہوں نے سیاست میں قدم رکھا تو سیاست میں نئی روح پھونک دی۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کہا گیا کہ بینظیر کو چھوڑ دو اور وزارت عظمیٰ لے لو، آصف زرداری 11 سال جیل میں رہے لیکن قول نبھایا اور باعزت بری ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی جیل میں زبان کاٹی گئی لیکن انہوں نے بینظیر کو دیا ہوا وعدہ پورا کیا، مجھے اپنے بہادر والد پر فخرہے، وہ آج بھی جیل میں بیں، بی بی آپ کا آصف بیمار ضرور ہے مگر وہ خوف زدہ نہیں بلکہ ہنستے ہوئے پھر لڑرہا ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اندھیری قوتوں کے خلاف لڑرہا ہے، ان قوتوں کے خلاف لڑرہا ہے جن کی وجہ سے ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کی جانیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا جرم کیا ہے؟ ان کی ساری جوانی جیلوں میں گزری، ان کو اس عمر میں بھی قید کیا گیا لیکن وہ ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے، آصف زرداری نیب اور عدالتوں میں پیش ہوتے رہے اور ہنستے ہوئے جیل گئے۔

نیب پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ، وزیردفاع، اسپیکرپنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف بھی کیسز ہیں، جن حکومتی عہدیداروں کے خلاف کیسز ہیں وہ آزاد ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن آصف زرداری عوام کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے، آصف زرداری کی ذات اور خاندان پر کیچڑ اچھالا گیا مگر انہوں نے کبھی جواب نہیں دیا لیکن یہاں لوگ چندہ لیکر اسپتال بناتے ہیں اور اسی بنیاد پر الیکشن میں ووٹ لیتے ہیں، وہ لوگ گالیاں دیتے ہیں جن کے خاندان میں کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔

چیئرمین پی پی کے مطابق آصف زرداری پر اربوں کھربوں کی کرپشن کا الزام لگایا گیا لیکن ڈیڑھ کروڑ کی کرپشن کا الزام لگا کر جیل میں ڈالا گیا، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے کہا ہے ان پر جتنے جعلی کیسز بنانے ہیں بنالو لیکن خان صاحب آپ اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں، خان صاحب، دعا کرو آپ کے بعد زرداری کی حکومت آئے کیوں کہ آصف زرداری انتقام نہیں لیتا، خان صاحب آپ کے بعد ن لیگ کی حکومت آئی تو آپ کے گھر میں بھی عورتیں ہیں، اگر مولانا کی حکومت آئی تو خان صاحب آپ کو سنگسار کیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب آپ 70 سال کے بوڑھے ہو اور میں 30 سال کا نوجوان ہوں، آپ کہتے تھے کہ ہمیں رلائیں گے لیکن میں نے ہنستے ہوئے بزرگ والد کوجیل بھیجا، میرے بزرگ والد کے جیل جانے پر میری چھوٹی بہن کی آنکھوں میں آنسو آگئے، اپنی بہن کی آنکھوں میں آنسوؤں کا حساب لوں گا، بزدل ہی عورتوں اور بزرگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

You Might Also Like
About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.