حیدرآباد : تعلیم کے شعبے کو فروغ دیے بغیرترقی کا حصول نا ممکن ہے ، گورنر سندھ

حیدرآباد : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کو فروغ دیے بغیرترقی کا حصول نا ممکن ہے اوراس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ وہ آج لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزاور سندھ یونیورسٹی جامشورو کے دورے کے بعدمہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اسپورٹس جمنازیم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انجنیئرنگ اور طب کے شعبے کی جامعات نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی ، کوالٹی ایشورنس اور تحقیق کے شعبوں میں مہران یونیورسٹی نے نمایا ں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تمام یونیورسٹیزکے مسائل حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں سرکاری جامعات کو درپیش مالی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے وہ اسلام آباد میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اوروفاقی وزیر خزانہ سے بات کرینگے اور ضرورت ہوئی تو وزیر اعظم پاکستان سے بھی اس ضمن میں بات کی جائیگی اور انہیں سندھ میں سرکاری جامعات کی کارکردگی کے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔مہران یونیورسٹی کے اسپورٹس جمنازیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس جمنازیم کے قیام سے طالبعلموں کو بہترین ہم نصابی سرگرمیاں میسر آسکیں گی۔ انہوں نے جمنازیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ قبل ازیں گورنر سندھ محمد زبیر نے لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا دورہ کیا جہاں لمس کے وائس چانسلرسیکریٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد شیخ نے ملٹی میڈیا کے ذریعے لمس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس پر گورنر سندھ نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے 96.6ایف ایم ریڈیوکا افتتاح کیااورایف ایم ریڈیو پربرائے راست دو منٹ کا خطاب کیاجس میں انہوں نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کے قیام سے روزانہ طب کے حوالے گردانواح کے لوگوں کوصحت اور طب سے متعلق مفید معلومات کی فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی ہے جہاں ایف ایم ریڈیو کی نشریات شروع کی گئی ہے اور یہ ایف ایم ریڈیو دیگرمیڈیکل یونیورسٹیز اور کالجزکے لیے ایک مثالی ایف ایم ریڈیو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم ریڈیوکا اسٹوڈیوماڈرن طریقے سے بنایا گیا ہے اور امید ہے اسے پروفیشنل طریقے سے چلایا جائے گا اوراس کے لیے بلاشبہ لمس انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔اس موقع پر لمس کے وائیس چانسلر نوشاد شیخ نے بتایا کے لمس نے اپنے فندز سے ایف ایم ریڈیوکے منصوبے پر20 ملین روپے خرچ کیے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ایم ریڈیو سے50 کلو میٹرکے دائرے میں رہنے والے لوگ مستفید ہوسکیں گے۔ بعد ازاں گورنر سندھ زبیر احمد نے لمس میں ایڈوانسڈ ڈائگنوسٹک سینٹرکا بھی افتتاح کیاجوکہ 135 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیاگیاہے ۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ نے لمس میں عائشہ صدیقہ ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا جس کے لیے 300 ملین روپے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فراہم کئے گئے ہیں اور اس میں400 ورکنگ وومین کی رہائش کی گنجائش ہے جہاں رعایتی قیمت پرورکنگ وومین کو رہائش کی سہولت دی جائے گی ۔اس کے علاوہ گورنر سندھ نے لمس کے فارن فیکلٹی ہاسٹل میں انٹر ایکٹیوسیشن میں شرکت کی جس میں سندھ یونیورسٹی جامشورو، ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام ، پیپلزمیڈیکل کالج نوا شاہ اوربینظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلرزاورفیکلٹی میمبرز نے شرکت کی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے قلیل عرصے میں مثالی ترقی کی ہے جس کے لیے وائس چانسلر فیکلٹی اور طالب علم یکساں طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اس موقع پرسرکاری جامعات کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے سندھ یونیورسٹی جامشوروکے ایڈمن بلاک کے سینٹ ہال میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تیسرے فیز میں طالبعلموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں جدید علوم کے حصول کے لیے طالب علموں کے لیے لیپ ٹاپ بہت اہم ہے خصوصاً بیچلرز،ماسٹرز اور پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس کے لیے لیپ ٹاپ کافی فائدہ مند ثابت ہونگے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.