حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، شہباز شریف

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ادویات اسکینڈل میں ملوث وزیر پتہ نہیں کہاں ہے، یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، گزشتہ دو سال میں مہنگائی میں اس قدر اضافہ ہوا کہ عام آدمی کی زندگی تنگ ہوگئی، غریب آدمی کے جو حالات ہیں وہ بتانے کے قابل نہیں، حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، کشکول توڑنے کے دعوے اور آئی ایم ایف کا مضمون ختم کرنے والے آج کہہ رہے ہیں گھبرانا نہیں ہے، کیا اس طرح لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گندم کا سیزن ختم نہیں ہوا اور ملک سے گندم اسمگل ہوگئی، گندم اور آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آج چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو سے بھی اوپر چلی گئی ہے، روپے کی قدر 40 فیصد کم ہوئی اور تیزی سے اوپر جاتی معیشت نیچے چلی گئی، کورونا سے پہلے ہی لاکھوں افراد بے روز گار ہوچکے تھے، کاروبار بند ہوگئے ہیں دکاندار رو رہے ہیں، بجلی کی قیمت بھی کئی گنا ذیادہ بڑھا دیں، غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اور آج بھی حکومتی ارکان کا طریقہ کار اپوزیشن کا ہی ہے، یہ آج بھی کنٹینرز پر چڑھے ہوئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ (ن)لیگ کی قیادت کے خلاف بے پناہ پروپیگنڈا کیا گیا، اس حکومت نے سی پیک کا مذاق اڑایا اور اسمبلی کے فلور پر سی پیک کے خلاف الزامات لگائے گئے، حکومت کی اپنی کابینہ میں اشرافیہ کے لوگ بیٹھے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پشاور سے کراچی تک کے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کردیا ہے، افسر شاہی کام کرنے کو تیار نہیں، ادویات اسکینڈل میں ملوث وزیر پتہ نہیں کہاں ہے یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ایک دن میں ایک ارب روپے سے زائد روزانہ کی بنیاد پرگردشی قرضے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پیٹرول پر 45 روپے ٹیکس ہے جب کہ حکومت بے خبر ہے اور جھوٹ بولنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا سرکلر ڈیٹ دو ہزار 200 ارب روپے ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ انرجی کے شعبوں میں حکومتی نا اہلی سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجلی کی تیاری میں ایک وفاقی وزیر کا پلانٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں بجلی اورگیس کی لوڈشیڈنگ تھی لیکن ہم نے دونوں مسائل حل کیے تھے۔ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی کشمیرپالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا نےکشمیرپرساتھ دیا لیکن وہاں کانفرنس میں نہیں گئے۔ ن لیگ کے مرکزی رہنما نے دعویٰ کیا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان تنہا کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اورخارجہ پالیسیوں میں ناکامیوں کے انبار ہیں۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم نے پانچ سالوں میں دس ہزار ارب قرض لے کرموٹرویزبنائیں، بجلی کے منصوبے لگائے اور گوادر کو تبدیل کردیا۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 ہزارارب قرض بڑھانے کی حکومت ذمہ دارہے۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آٹا اورچینی میں کرپشن ہوئی سب جانتے ہیں اور آٹا و چینی ہی مہنگی بھی کردی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے 700 ارب کے نئے ٹیکسز لگائے ہیں جب کہ چاول، کپاس اور گنے کی پیداوار کم ہوئی ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply