کراچی:
گورنر سندھ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی ذمے داری سنبھالنے کے بعد ریونیو کو 1.9 کھرب روپے سے بڑھا کر 4 کھرب روپے تک لے گئی ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی اور معاشرتی خوشحالی کو انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے یقینی بنایا جاسکتا ہے جس سے بڑی حد تک عوامی فلاح و بہبود کے لیے آمدن بھی پیدا ہوگی، حکومت ملک بھر میں آمدن بڑھانے پر توجہ دیتی ہے جس سے مالی وسائل میں اضافہ ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں بجلی و پلوں کے منصوبوں پر کام ہوتا ہے، یوں کاروبار کے ساتھ پبلک ہیلتھ کیئر اور تعلیم کے شعبے بھی پھلتے پھولتے ہیں، ملک میں ہائی ویز، ایئرپورٹس، ریلویز اور توانائی کے منصوبے ناگزیر ہیں کیونکہ ان سے ملک میں معاشی و معاشرتی ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ وہ پروفیشنل نیٹ ورک کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ساتویں انٹرنیشنل کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی سمٹ اینڈ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر 50 کارپوریٹ کمپنیوں کو سی ایس آر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
گورنر سندھ نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمے داری سنبھالنے کے بعد ریونیو کو 1.9 کھرب روپے سے بڑھا کر 4 کھرب روپے تک لے گئی ہے اور اس کے نتیجے میں بجلی، تعلیم اور صحت عامہ کے شعبوں کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری نظر آئی ہے، صرف تھر میں توانائی کے منصوبوں کے لیے 4.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ وہاں صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں کی صورتحال میں بھی بہتری آرہی ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ کاروباری شعبہ اپنے کاروباری سماجی ذمے داری کے شعبوں کے تحت معاشرے کے پسماندہ طبقے کی صحت عامہ، تعلیم اور ماحولیات کے حوالے سے منصوبوں کے ذریعے قوم کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔
گورنر نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے تاجروں اور کاروباری افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی اور شہر میں صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کاروباری شعبے کے مسائل حل کرے گی تاکہ بہتر کاروباری سرگرمیوں اور ملازمت کی صورت میں مواقع میں اضافہ ہوگا۔
اس تقریب میں کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب کے موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان، راشد احمد صدیقی اور عتیق الرحمان نے کاروباری افراد سے خطاب کیا۔
اس موقع پر عتیق الرحمان نے اپیل کہ کاروباری سماجی ذمے داری کے شعبے میں مالیاتی و کاروباری ادارے اپنا بجٹ بڑھائیں اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چیئرمین بزنس مین گروپ انجم نثار نے جیتنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔ نیشنل بینک آف پاکستان نے صحت، تعلیم اور پائیدار ترقی و ریلیف کے شعبوں میں تین ایوارڈز حاصل کیے۔