حکومت ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتی ہے، وزیراعظم


پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کی سربراہی میں اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداران اور اسٹاک بروکرز پر مشتمل وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے، ہم بزنس اور سرمایہ کاری کو فروغ، تحفظ اور مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے وفد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس اس لئے آیا ہوں کے آپ ہمیں تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں، سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے استعدادکار موجود ہے۔

وزیراعظم ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

اس موقع پر وفد کے اراکین نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ملک میں مالی استحکام اور آچھی کارکردگی پر حکومت کی مالیاتی ٹیم کی تعریف کی۔ وفد نے وزیر اعظم کو اسٹاک بروکرز اور اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے دیگر امور پر آگاہ کیا اور مالیاتی استحکام کےلیے تجاویز پیش کیں جس میں سے وزیراعظم نے بیشتر تجاویز منظور کیں۔

وفد نے حکومت کی مالیاتی پالیسی پر حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ٹیکس بیس کو بڑھانے، اسٹاک مارکیٹس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال اور غیر قانونی ادائیگیوں کی روک تھام پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر مملکت حماد اظہر، مشیر وزیراعظم ڈاکٹر عشرت حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ نے ملاقات کی اور ان سے صوبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.