اسلام آباد(فہیم صدیقی)وزیر اعظم عمران خان نے نیوز پرنٹ پر پانچ فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، میڈیاکی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے ، مسائل پر جلد قابو پالیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے پی بی اے ،سی پی این ای اور اے پی این ایس کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر میڈیا کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہ کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے ، میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عام آدمی کی مشکلات کوکم کیا جائے ، توقع ہے کہ جلد مسائل پر قابو پالیں گے ۔ وزیر اعظم نے میڈیا انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہائی بھی کروائی اور نیوز پر نٹ پر عائد پانچ فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے ، مسائل کے حق کیلئے دوست ممالک سے رابطہ کررہے ہیں،حکومت تعلیم ، صحت اور ثقافت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ اقتصادی مسائل کے سبب میڈیاکوبھی مسائل ہیں۔