اسلام آباد:
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات شفاف ہونی چاہئیں جب کہ حسین نواز کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا تاریخ رقم ہونے جیسا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حسین نواز کو گزشتہ روز جے آئی ٹی میں پیش ہونے کا نوٹس ملا اور آج وہ پیش ہو گئے، ان کا یہ اقدام تاریخ رقم ہونے جیسا ہے، جس طرح نواز شریف نے تمام آئینی و قانونی حق ادا کیے بالکل اسی طرح حسین نواز بھی آج جے آئی ٹی میں 2 لوگوں پراعتراضات کے باوجود بھی پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات شفاف ہونی چاہیئیں، حسین نوازکی جانب سے جن لوگوں پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، سب جانتے ہیں کہ وہ کیسے ہیں لیکن ہم ان پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، فیصلہ تو اب سپریم کورٹ کے ہاتھ میں ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ قانونی اور آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے، وزیراعظم نواز شریف نے پہلے خود اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا اور پھر اپنے بچوں کو بھی احتساب کے لئے پیش کیا جب کہ عمران خان پر جے آئی ٹی بنی مگر وہ آج تک پیش نہیں ہوئے کیونکہ وہ اشتہاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اندازہ لگا سکتی ہے کہ ملک میں کون احتساب کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اور کون احتساب سے بھاگ رہا ہے۔