جہاز بنانے والی کمپنی ’ائیربس‘ نے ایسی گاڑی بناڈالی کہ دیکھ کر آپ کا دل کرے گا کہ فوری خریدلیں

نیویارک (نیوز ڈیسک) جب آپ کو کہیں پہنچے کی جلدی ہو تو ایسے میں ٹیکسی ملنا بھی محال ہو جاتا ہے اور خوش قسمتی سے ٹیکسی مل جائے تو ٹریفک جام آپ کا منتظر ہوتا ہے۔ لیکن یہ سب باتیں اب ماضی کا قصہ بننے والی ہے کیونکہ ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی ایئر بس نے ’ڈرون ٹیکسی‘ متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو نہ صرف سڑک پر فراٹے بھرے گی بلکہ ٹریفک جام کی صورت میں فلمی انداز میں اپنی شکل بدل کر ہیلی کاپٹر بن جائے گی اور پلک جھپکتے میں مسافر کو منزل تک پہنچا دے گی۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق پاپ اپ (Pop.Up) نامی ٹرانسفارمر ٹیکسی دو حصوں پر مشتمل ہو گی۔ اس کا ایک حصہ گراﺅنڈ کیپسول کہلائے گا جو 8.5 فٹ لمبا ،4.5 فٹ اونچا اور 16فٹ چوڑا ہو گا۔ یہ کیپسول گراﺅنڈ ماڈیول کے ساتھ مل کر سٹرک پر چلنے والی ٹیکسی کی شکل اختیار کر لے گا۔ اگر یہ ٹیکسی کہیں ٹریفک جام میں پھنس جائے گی تو اس کی مدد کیلئے ایک ایئر ماڈیول آن پہنچے گا۔ ایئر ماڈیول ڈرون کی طرح اڑتا ہوا آئے گا اور گراﺅنڈ ماڈیول کو اٹھا کر منزل تک پہنچا دے گا۔

مسافر ڈرون ٹیکسی کی بکنگ ایک خصوصی ایپ کے ذریعے کروائیں گے۔ یہ ایپ خودکار طریقے سے فیصلہ کرے گی کہ مسافر کو زمینی راستے سے منزل پر پہنچایا جائے یا فضائی سفر کروایا جائے ، یا صورت حال کے مطابق دونوں طریقوں کا استعمال کیا جائے۔ مسافر کو منزل تک پہنچانے کے بعد ڈرون زمینی ماڈیول کو اس کے چارجنگ سٹیشن پر چھوڑے گا اور خود اپنے چارجنگ سٹیشن پر واپس پہنچ جائے گا۔ دونوں حصے خودکار طریقے سے اپنی بیٹری ریچارج کریں گے تاکہ اگلے مسافر کو سروس فراہم کرنے کیلئے تازہ دم ہو جائیں۔


ڈرون ٹیکسی ایئر بس اور اطالوی ڈیزائن اینڈ انجینئرنگ کمپنی ایٹال ڈیزائن کے مشترکہ پیشکش ہے۔ جنیوا انٹرنیشنل موٹر شو میں یہ اچھوتا آئڈیاپہلی بار دنیا کے سامنے متعارف کروایا گیا ہے۔ ایئر بس کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکسی 2024 سے 2027 تک مکمل کر کے عوامی استعمال کے لئے پیش کر دی جائے گی ۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.