اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت محترمہ مریم اورنگزیب نے اخبارات کے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں 15 فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اشتہاری بجٹ کو الیکٹرانک، پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے الگ الگ مختص کیا جارہا ہے اور اشتہاری بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے معاشرے کی ترقی اور جمہوریت کی ترویج میں اخبارات کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت پرنٹ میڈیا کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات کرے گی۔ حکومت نے علاقائی اور چھوٹے اخبارات کی اہمیت کے پیش نظر ان اخبارات میں اشتہاری حجم بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر مملکت نے یہ اعلانات اے پی این ایس کی مجلس عاملہ کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانے کے دوران کئے۔ اجلاس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر راﺅ تحسین علی خان بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت نے تحلیل شدہ وزارتوں، سرکاری محکموں اور وزارتوں کے ذمہ واجب الادا رقوم کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ واجبات جلد از جلد ادا کردئیے جائیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق واجبات کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔ وزیراعظم نے واجبات کی سمریاں منظور کرلی ہیں جن کی ادائیگی جلد متوقع ہے ۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں روزنامہ امت اسلام آباد کی ایسوسی ایٹ رکنیت، ٹوڈے مسلم کی رکنیت کی بحالی، سندھ پوسٹ کراچی اور عوامی محاذ کراچی کی ایسوسی ایٹ رکنیت کی بحالی کی منظوری دی۔ مجلس عاملہ کے اجلاس سے قبل 17 جنوری کو اے پی این ایس ایڈورٹائزنگ راﺅنڈ ٹیبل منعقد ہوئی جس میں اشتہارات میں سرکاری شعبہ کے کردار کے موضوع پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ راﺅنڈ ٹیبل کے رہنما مقرر راﺅ تحسین علی خان پی آئی او نے سرکاری شعبہ کے اشتہارات اور مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ شفقت جلیل ڈی جی ایکسٹرنل پبلسٹی اور محترمہ ثمینہ فرزین ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزنگ پی آئی ڈی نے درپیش مشکلات اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ میڈاس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے انعام اکبر، چینل 7 کے سی ای او جواد ہمایوں، ایم کام کے سی ایف او جناب زاہد خان نے راﺅنڈ ٹیبل اجلاس کے سامنے اپنی پریزنٹیشن پیش کیں۔ جن میں وضاحت سے زور دیا گیا کہ موجودہ صورتحال اور پرنٹ میڈیا کو درپیش چیلنجوں اور ان سے نبردآزما ہونے کیلئے اخبارات کو نئی ٹیکنالوجی اور نئی حکمت عملیوں پر توجہ دینی ہوگی۔ اجلاس میں اخبارات، اشتہاری ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں مندرجہ ذیل اراکین نے شرکت کی:
سرمد علی (صدر) اے پی این ایس، رمیزہ مجید نظامی سینئر نائب صدر، ممتاز اے طاہر نائب صدر، عمر مجیب شامی سیکرٹری جنرل، سید محمد منیر جیلانی جوائنٹ سیکرٹری، مہتاب خان (روزنامہ اوصاف اسلام آباد)، وسیم احمد (روزنامہ عوام کوئٹہ)، رحمت علی رازی (ہفت روزہ عزم، روزنامہ طاقت لاہور)، ہمایوں طارق (روزنامہ بزنس رپورٹ فیصل آباد)، سہیل عزیز (روزنامہ بزنس ریکارڈ لاہور)، نجم الدین شیخ (روزنامہ دیانت کراچی)، رضوان اشرف (روزنامہ دنیا لاہور)، قاضی اسد عابد (روزنامہ عبرت حیدر آباد)، جاوید مہر شمسی (روزنامہ کلیم سکھر)، میاں اکبر علی (روزنامہ خبریں لاہور)، سید ممتاز احمد شاہ (روزنامہ مشرق لاہور)، مشتاق اے قریشی (ماہنامہ نئے افق)، گوہر زاہد ملک (روزنامہ آبزرور اسلام آباد) اور وقار یوسف عظیمی (ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کراچی)۔