اسلام آبا د(ویب ڈیسک) پاکستان کے ستر ویں جشن آزادی پر اسلام آباد اور کراچی میں پاک فضائیہ نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ایئر شو کا اعلان کردیا ہے، جس میں پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ ترک فضائیہ اور سعودی فضائیہ کے جنگی طیارے بھی فضائی کرتبوں کا عملی مظاہرہ کرینگے۔تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پاک فضائیہ مثالی مہارت کا عملی مظاہرہ کرے گی، فضائیہ کے شاہینوں نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایئر شو چودہ اگست کی دوپہرایک بجے ایف نائن پارک اسلام آباد میں ہوگا،
جس میں ایف سولہ، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے میں شامل دیگر طیارے حصہ لیں گے جب کہ پہلی مرتبہ اگسٹا ہیلی کاپٹر کی رونمائی بھی کی جائے گی جبکہ ترکی، سعودی عرب کے طیارے بھی یوم آزادی ایئر شو کا حصہ ہیں۔ایئر شو میں مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر پاکستان ممنون حسین اور چین کے نائب وزیراعظم ایئر شو تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ ترکی، سعودی عرب کے طیارے بھی یوم آزادی ایئر شو کا حصہ ہیں۔پاک فضائیہ کا ایئر شو کراچی سی ویو پر بھی دوپہر ڈھائی بجے ہوگا، ایئرشو میں پاک فضائیہ کا شیردل اسکوارڈن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا جب کہ ایف سولہ اورجے ایف سیونٹین بھی شو کا حصہ ہوں گے۔