بی ایل آئی
سعودی عرب میں بڑے اسکرین کی واپسی ہوگئی ہے۔ جدہ میں سینما گھر کا افتتاح کردیا گیا۔ سینما گھروں پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ گزشتہ سال اپریل میں کیا گیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی شہر جدہ میں پہلا سینما گھر ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا گیا ہے، جب کہ الاندلس مال، اسٹار ایونیو، ابحر مال اور المسرۃ مال میں باقی چار سینما گھر قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019اور 2020کے دوران جدہ میں 5 سینما گھر کھولے جائیں گے، ان میں سے پہلے کا افتتاح ہوگیا۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق وی او ایکس سینیما کا افتتاح آلائن بیجانی کے چیف ایگیزیکٹو آفیسر الفطیما نے 28 جنوری کو کیا۔ اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جدہ کے ریڈ سٹی مال میں بنائے جانے والے وی او ایکس سینما میں 12 اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔
الاندلس مال میں 27 اسکرینیں، اسٹارز ایونیو 9 اسکرین پر مشتمل سینما گھر اسی سال کھول دیئے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2020 کے دوران ابحر مال میں 11 اسکرینیں اور المسرۃ مال میں 6 اسکرین والے سینما گھر قائم ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ایک سال قبل خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی جس کے بعد بڑی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔ ڈرائیونگ لائسنس کی اجازت ملنے پر سب سے پہلے شہزادہ ولید کی بیٹی نے گاڑی چلائی۔
سعودی عرب میں نئے وژن پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں خواتین پر عائد پابندی ختم کی گئی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملک میں خواتین کو مزید آزادی اور حقوق دیتے ہوئے ڈرائیونگ، فٹبال اسٹیڈیم میں خواتین کا داخلہ اور پائلٹ بننے کی اجازت دی، جس کے بعد درخواستوں کے ڈھیر لگ گئے۔