لاہور ( بی ایل آٸی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ججز بہترین فیصلے کریں، قانون اور میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں، صوبے کی عوام ججز پر اعتماد کرتی ہے، اس اعتماد کو برقرار رکھیں۔ ججز کے تربیتی کورس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ ہمارے وسائل کی کمی ہے، نئے جوڈیشل کمپلیکسز، کورٹس اور دیگر سہولیات کیلئے مناسب فنڈز موجود نہیں ہیں لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ ججز، وکلاء اور سائلین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ بہترین انفراسٹرکچر کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ ججز و سائلین کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے ججز محدود وسائل میں بہترین کام کررہے ہیں۔ ہم پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے بھی مشکور ہیں جو ہمارے ججز کو عصر حاضر سے ہم آہنگ تربیت فراہم کررہی ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ہمارا بنیادی نصب العین سائلین کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے۔ یاد رکھیں ہمارے سسٹم میں تھوڑی سی بھی لغزش کی گنجائش نہیں ہے، اس لئے پوری دیانتداری، محنت اور لگن اپنے کام کو جاری رکھیں۔ ہمیں امید ہے کہ ججز کو اکیڈمی میں سیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے، جس سے جوڈیشل افسروں کی استعداد کار میں اضافہ اور صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کے تحت دسویں تربیتی کورس کے افتتاحی سیشن میں رجسٹرار عبدالستار، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشتر عباس، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر سمیت دیگر آفسران نے شرکت کی۔
About BLI News
3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.