جاپان انٹرنیشنل پریس کی جانب سے گرینڈ افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کی تمام اہم سیاسی ، سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں اور قائم مقام سفیر پاکستان انصر علی زیدی نے خصوصی شرکت کی جبکہ پاکستان کے معروف نعت خواں عابد چشتی نے اپنی خوبصورت آواز سے سماں باندھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سائی تامہ کے معروف نیو ہاٹ مصالحہ ریسٹورنٹ میں منعقد ہونے والی گرینڈ افطار کی تقریب کا آغاز جاپان کے معروف قاری علی حسن کی خوبصورت آواز میں ہوا جس کے بعد پاکستان سے آئے ہوئے معروف نعت خواں عابد چشتی صاحب نے اپنی بہترین نعت خوانی سے سماں باندھ دیا۔
افطار سے قبل سینئر پاکستان چوہدری ظفر اقبال گوندل جو کینیا میں ایک حادثے میں وفات پاگئے تھے جبکہ ملک یونس کے والد صاحب کے ایصال ثواب کے لیے ، ملک ریاض کے جواں سال بھتیجے کی ناگہانی وفات پر ایصال ثواب کے لیے اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے جواں سال صاحبزادے کی مغفرت کے لیے جبکہ سینئر پاکستانی منیر گجر کے چھوٹے بھائی کے حادثے میں وفات پر ان سب کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شیخ قیصر محمود، ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، سینئر نائب صدر ملک یونس، تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی، سینئر رہنما ملک احسان، پیپپلز پارٹی جاپان کے سابق جنرل سیکریٹری شاہد مجید، سینئر رہنما یاسر شاہ گیلانی، تجوید القران کے چیرمین قاری علی حسن، الحاج فواد سمیت اہم اور معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ تقریب میں سینئر لیگی رہنما چوہدری عنصر ،مرزا اکرم، قدیر مغل، ملک ریاض جیلانی، جبکہ معروف نعت خواں ایباراکی کین سے اقبال احمد ،نوید امین ،جبکہ دیگر کاروباری شخصیات میں رمضان صدیق، ممتاز عالم، منظور مجید اور مذمل مجید نے شرکت کی جبکہ سینئر کمیونٹی شخصیات میں غنی یوسف زئی، شاہین عباسی، اعجاز احمد، آصف قمر جبکہ میڈیا نمائندوں میں سینئر صحافی راشد صمد خان، شاہد مجید، یوسف علی، شیخ فیاض سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے رکن شاہد مجید نے کہا کہ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں ایک ساتھ مل کر افطار کرنے سے نہ صرف رونق رمضان میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مسلمانوں میں اتحاد اور محبت میں بھی اضافہ ہوتا ہے انھوں نے دور دراز سے آئے ہوئے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی اس طرح کی تقریبات میں اضافہ ہوگا تاکہ کمیونٹی میں باہمی اتفاق میں اضافہ ہوسکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سفیر پاکستان انصر علی زیدی نے کہا کہ انہیں اتنی ساری مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کو ایک ہی چھت کے نیچے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں پاکستانی کمیونٹی اسی طرح اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ آج معروف نعت خواں عابد چشتی کو دیکھ کر خوشی ہوئی جبکہ جاپان کی پاکستانی کمیونٹی میں اتنے بہترین نعت خواں جن میں جاوید نیازی، محمد اقبال، نوید امین اور الحاج فواد کی خوبصورت آواز میں بہترین نعتیں سن کر بھی بہت خوشی ہوئی اور وہ کوشش کریں گے سفارتخانہ پاکستان میں مستقبل میں عید میلادالنبی کو بہترین طریقے سے منایا جائے ۔
سینئر لیگی رہنما شیخ قیصر نے اپنے خطاب میں کہاکہ عرفان صدیقی کی جانب سے شاندار افطار ڈنر پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں جس سے سفارتخانہ پاکستان میں عید میلاد النبی کے راہیں ہموار ہوئی ہیں۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے شاندار افطار ڈنر پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی تقاریب جاپان میں تسلسل سے منعقد ہوتی رہیں گی۔ ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ آج کی تقریب میں بہترین لوگ موجود ہیں جو رمضان المبارک کی برکت کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی اسی طرح پاکستانی کمیونٹی میں اتفاق و اتحاد قائم رکھے۔
تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی نے کہا کہ وہ آج اپنی کئی مصروفیات منسوخ کرکے اس تقریب میں پہنچے ہیں تاکہ تمام دوستوں کے ساتھ افطار کی جاسکے وہ اس شاندار تقریب کے انعقاد پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کو مبارکباد پیش کریتے ہیں۔
سینئر پاکستانی ملک احسان نے کہاکہ جب صحافی ایسی تقریبات منعقد کرسکتے ہیں تو تمام کاروباری شخصیات کو بھی آگے آنا چاہیے اور ایسی تقریبات کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے۔
اس موقع پر رمضان صدیق، مرزا اکرم، منظور مجید، چوہدری عنصر، اصغر حسین، سینئر سفارتکار مرزا سمیر بیگ، قاری علی حسن، عابد چشتی، شاہد مجید سمیت بڑی تعداد میں اہم کمیونٹی رہنماوں نے خطاب کیا۔