اسلام آباد/ کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے بورڈ کو بھارت کے پیچھے نہ بھاگنے کا مشورہ دیدیا۔
جاوید میانداد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو بھارت سے کھیلنے کے لیے بے چینی اور واویلا مچانے کی ضرورت نہیں، اسے بھول جائیں، کرکٹ کھیلنے کے لیے دنیا میں دیگر ممالک بھی موجود ہیں، بھارت کے بغیر بھی کرکٹ ممکن ہے، اگر معاہدے میں رقم کی ادائیگی کا ذکر موجود ہے تو پھر کوشش کرنا چاہیے ورنہ تگ ودو فضول ہے۔
سابق کپتان نے پی سی بی کا نام لیے بغیر کہا کہ بھوکے نہ بنیں، پیسے کے بغیر مر نہیں جائیں گے، ہمارے زمانے میں بورڈ کا خزانہ خالی ہوا کرتا تھا، آج آئی سی سی کی جانب سے بورڈ کو 6ارب روپے کی خطیر رقم ملتی ہے، یہ کہاں چلی جاتی ہے حساب رکھنا بھی ضروری ہوچکا۔
ایک سوال پرجاوید میانداد نے کہا کہ بھارت کو پیسے کی وجہ سے برتری حاصل ہے لیکن ہمیں اس کے آگے بھکاری بننے سے گریز کرنا چاہیے۔ بورڈ اپنے اخراجات میں کمی لائے، بھاری مشاہرے پر ملازمین اورکرکٹ ٹیم کے لیے بڑی بڑی تنخواہیں لینے والے غیر ملکی اسٹاف کی قطعی ضرورت نہیں، انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کر بہتر بنایا جائے ، ریجنل کرکٹ کے ذمہ داران اپنا کردار ادا کریں، ریجن کرکٹ کو بہتر کیا جائے، ایک سازش کے تحت پاکستان میں اداروں کی ٹیموں کو تباہ کیا گیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں ہمیشہ مشکل رہی ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بھی اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، ہمارے کھلاڑی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میزبان ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی پیش کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، اس کیلیے ان کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہوکرذمہ داری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔