جامشورو
جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے طلباءو طالبات کی جانب سے انوکھی ڈیوائس و روبوٹ ایجاد کیا گیا ہے، جو کہ بذریعہ انٹرنیٹ کنٹرول ہونگے۔
ایجاد کیے گئے ڈیوائس بیک وقت مختلف کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیوائس کسی بھی روبوٹ میں نصب کرکے استعمال کی جائے تو وہ آپریشن تھیٹر میں بطور سرجن، کلاس روم میں بطور استاد اور زلزلے و حادثے کی صورت میں رضاکار کے طور پر استعمال میں لائی جا سکتی ہے۔
یہ ڈیوائس و روبوٹ ایجاد کرنے والے طلباءو طلبات کے وفد نے اپنے اساتذہ انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی اور پروفیسر ڈاکٹر سید اظہر علی شاہ کے ساتھ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ملاقات کی اور ایجاد کردہ ڈیوائس و روبوٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں منعقد ہونے والے انجنیئرنگ و کمپیوٹر سائنس کی سائنسی ایجادات کے نمائشی میلے میں شرکت و تعریفی اسناد سے آگاہ کیا۔
وائس چانسلرنے ان کی محنت پر انہیں داد تحسین دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسی محنت و لگن سے اپنا اور جامعہ سندھ کا نام روشن کریں گے۔
ملاقات کرنے والے وفد میں نیہا انصاری، شاہ رخ بخاری، ماہ لقا، وردا عباسی، ایمن سومرو، محمد ناصر، حمزہ علی احمد، مجتبیٰ جعفری، محمد ندیم و دیگر شامل تھے۔