اسلام آباد(بی ایل ٰآئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چند مہینوں سے وفاقی حکومت عملی طور پر ناکام ہو چکی ہے مگر اس کے باوجود حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، پاکستان جمہوریت کی مضبوطی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا م میں تمام قوتوں سے کہتا ہوں کہ بس کردیں اب جمہوریت کو چلنے دیں ،میں اور میری پارٹی انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ موجود ہ حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے50ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے۔ہم نے اتنی قربانیاں دیں مزیدکتنی چاہتے ہو؟ہمیں اپنی کمزوریاں دیکھنی ہیں،غلطیاں کیا ہیں،ملک،جمہوریت،معیشت کو مضبوط بنانا ہے توبھٹوکے نظریے کو اپناناہوگا۔ ملک میں ترقی تب ہوتی ہے جب عام آدمی کو فائدہ ہوتاہے،ہم جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے اور عوام کیساتھ مل کرجدوجہدجاری رکھیں گے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راز صرف جمہوری عمل کی روانی میں ہے، تمام طاقتوں سے کہتاہوں بس کردیں جمہوریت کوچلنے دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری متنازع ہے اور اس میں سندھ سے نا انصافیاں ہوئیں جبکہ مردم شماری کے نتائج پر فاٹا کے عوام بھی ناراض ہیں۔ فیض آباددھرنے میں پیش آنے والے واقعات افسوس ناک تھے،پچھلے 6،5دن ریاست کی رٹ ختم ہوتی دیکھی اور ریاست کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے دیکھا گیا۔ پچھلے پانچ چھ دن میں رونما ہونے والے واقعات ہماری نسل کے لئے افسوسناک تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھرنے کامعاملہ جوڈیشل کمیٹی میں پیش ہوناچاہیے۔