تقریباً اڑھائی لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں برپا سیاسی ہنگاموں نے پوری قوم کو ایسا الجھایا ہے کہ کسی کو خبر ہی نہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں پر کیا بیت رہی ہے، اور بیرونی ممالک کا رخ کرنے والے کتنے لاکھ پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر کے واپس بھیج دیا گیا ہے۔
اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ ترین اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ 2012ءسے 2015ءکے درمیان تقریباً اڑھائی لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔ ”لیبر مائیگریشن فرام پاکستان: 2015ءسٹیٹس رپورٹ“ کے نام سے جاری کئے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد کو 2014ءمیں ڈی پورٹ کیا گیا، جن کی کل تعداد 73064 تھی، جبکہ 2010ءمیں یہ تعداد سب سے کم یعنی 46032 تھی۔

رپورٹ کے مطابق 2012ءسے 2015ءکے درمیان سعودی عرب سے 1لاکھ 31 ہزار 634، متحدہ عرب امارات سے 32ہزار 458، ایران سے 28ہزار 684، عمان سے 17ہزار 248، یونان سے 14 ہزار 145، برطانیہ سے 9ہزار 778 اور ملائیشیاءسے 8ہزار 861پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
اقوام متحدہ دفتر برائے منشیات و جرائم کے مطابق بے قاعدہ ترک وطن کرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد کا تعلق پنجاب سے ہے، جس کے شہروں گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاﺅالدین، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور سیالکوٹ اس حوالے سے نمایاں ترین ہیں۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کئے گئے بیشتر افراد ملازمت اور کاروبار کی تلاش میں گئے تھے جبکہ ایران سے ڈی پورٹ کئے گئے بیش تر پاکستانی اس ملک کے راستے یونان جانے کی کوشش میں تھے۔ خلیجی ممالک سے اکثریت کو سکیورٹی بنیادوں پر ڈی پورٹ کیا گیا۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.