تحریک انصاف کی حکومت اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو چکی ہے: بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی(بی ایل ٰآئی) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو چکی ہے اور فواد چوہدری سندھ کا وائسرائے بننے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔

سندھ اسمبلی بلڈنگ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ حکومت انڈوں اور مرغیوں کی بات کرتی تھی اب ان کی ذہنی سطح سلائی مشینوں سے آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔ حکومت کرنا اور ملکی معاملات سنبھالنا ان کے بس کی بات نہیں اب یہ ناکام ہوکر سندھ حکومت کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ حکومت فواد چوہدری کے اعصاب پر سوار ہوچکے ہیں کبھی یہ اومنی گروپ کا شوشہ چھوڑتے ہیں تو کبھی پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزام تراشیاں کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کبھی پیپلز پارٹی کا حصہ تھے وہ بھول جاتے ہیں کہ انہیں مشورے تحریک انصاف کی حکومت کو دینے چاہئیں مگر وہ اپنے مشورے ہمیں دے رہے ہیں، ان کے لیے بہتر ہوگا کہ اپنے قیمتی مشورے اپنے پاس رکھیں کہ کسے مستعفی ہونا چاہیئے۔

صوبائی مشیر نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری اپنے جوش خطابت میں جو کہتے ہیں بعد میں انہیں منہ کی کھانی پڑتی ہے۔

انہیں یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ وفاقی حکومت کو سندھ کے نوے ارب روپے واپس کرنے ہیں جس کی ادائیگی کرنے سے یہ ابھی تک قاصر ہیں ، وفاقی حکومت کے وزیر کہہ رہے ہیں کہ سندھ کا پانی چوری کیا جارہا ہے

سندھ سے نکلنے والی قدرتی گیس سندھ کو نہیں دی جارہی ہے اور فواد چوہدری کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کام نہیں کررہی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں بھی سندھ کو فتح کرنے کا خواب لے کر کئی آئے اور کئی چلے گئے انہیں یاد رہے کہ سندھ پاکستان پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے سیاسی یتیموں کو سندھ کی غیور اور بہادر عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں عددی اکثریت پیپلز پارٹی کی ہے ، سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف اپنے تیس اراکین کو آپس میں متحد رکھیں تو یہ ان کے حق میں بہت بہتر ہوگا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.