تحریک انصاف کا بجلی کی لوڈشیڈنگ پر ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

اسلام آباد: 

پاكستان تحریك انصاف نے ملک میں بجلی كی لوڈشیڈنگ اور گردشی قرضوں كے خلاف ملك گیر احتجاج كا فیصلہ كیا ہے۔

اسلام آباد میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بیك وقت كراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پارٹی قائدین نے شركت كی۔ پی ٹی آئی کے مركزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ كی جانب سے جاری بیان كے مطابق اجلاس میں ملكی مجموعی صورتحال اور پاناما كے ممكنہ فیصلے كے خدوخال پر تفصیلی تبادلہ خیال كے ساتھ وفاقی حكومت كی جانب سے بلند وبانگ دعوؤں اور وعدوں كے باوجود بجلی كی لوڈشیڈنگ میں ناقابل برداشت اضافے كی شدید الفاظ میں مذمت كی گئی۔

بیان كے مطابق ملك میں بجلی كی غیر اعلانیہ اور طویل بندش اور گردشی قرضوں كے خلاف ملك گیر تحریك چلانے كا فیصلہ كیا گیا۔ اجلاس میں قائدین نے كراچی كے امن كو سیاست كی نذر كرنے كی كوششوں كی شدید مذمت كی اور رینجرز كے مستقبل كو سیاسی مك مكا كی بھینٹ چڑھانے كی كوششوں كو انتہائی تشویشناك قرار دیا گیا۔ اجلاس كے شركا نے اربوں روپے كی منی لانڈرنگ اور وزیرداخلہ كی پریس كانفرنس كے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی غوركیا۔

علاوہ ازیں تحریك انصاف نے ڈان لیكس كی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیےحكومت پر دباؤ بڑھانے كا بھی فیصلہ كیا اور اس عزم كا اظہار كیا گیا كہ تحریك انصاف ملكی سلامتی سے متعلق اس اہم معاملے كو سرد خانے كی نذر نہیں ہونے دے گی جب کہ اس سلسلے میں وفاقی حكومت كی جانب سے معاملے كو دبانے كی كسی كوشش كو كامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.