بہت کچھ سمجھ میں آرہا ہے لیکن ابھی خاموش رہنا چاہتا ہوں، نوازشریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بہت کچھ سمجھ میں آرہا ہے اور کہنا چاہتا ہوں لیکن ابھی خاموش بھی رہنا چاہتا ہوں۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سینئر اخبار نویسوں سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ ملکی اورعالمی میڈیا سب اس پر لکھ اور بول رہے ہیں، مجھے سرکاری فنڈز میں خرد برد کی ضرورت نہیں، میرے خلاف کوئی کرپشن، کک بیک یا سرکاری خزانے میں کرپشن کی ہوتی توکوئی بات بھی تھی، ایک بیٹے نے پیسے باہرسے بھجوائے اوردوسرے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی،اس پر اعتراض کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ مجھے اس وجہ سے نا اہل کیا گیا کہ اپنے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی، جب تنخواہ لی ہی نہیں تواسے ظاہرکرنے کی ضرورت کیا ہے اورجو پیسہ ملا ہی نہ ہو تو اس کا کیسا ٹیکس ریٹرن جمع کراؤں۔ کسی وزیراعظم کے ساتھ اس سے بڑا اور کیا مذاق ہوسکتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ترقی کا پہیہ رکا ہویا ملک میں انتشارپھیلا ہو، ملک معاشی طور پر بہترین چل رہا تھا، میں نے نامناسب رویہ اختیار نہیں کیا، تحمل کا مظاہر ہ کررہا ہوں، دھرنوں والی زبان کاجواب نہیں دیا، بہت کچھ سمجھ میں آرہا ہے اور کہنا چاہتاہوں لیکن ابھی خاموش رہنا چاہتا ہوں پرہمیشہ خاموش نہیں رہوں  گا۔

نوازشریف نے کہا کہ میں میثاق جمہوریت پر اب بھی قائم ہوں، اس پررضا ربانی ،احسن اقبال،اسحاق ڈار اورصفدرعباسی نے محنت کی جب کہ اس پر میں نے عملاً کام کرکے دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم بن کربھی زرداری صاحب کے پاس گیا، جب زرداری صاحب ریٹائر ہوئے تو اچھے انداز سے رخصت کیا، ملک جب ٹوٹا تو سب روئے کیا ہم نے سبق سیکھا، یہاں اکبر بگٹی کو بے دردی سے مارا گیا لیکن آہستہ آہستہ لوگ سب سمجھ جائیں گے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.