بوئنگ کمپنی ایران کو 30 طیارے فروخت کرے گی، معاہدہ طے پاگیا

تہران (بی ایل ٰآئی) ایرانی ایئر لائن آسمان اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ میں 30 جہازوں کی خریداری کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی آسمان ایئر کمپنی اور امریکہ کی بوئنگ کمپنی میں ہفتہ کے روز معاہدہ طے پایا ، ایران کی آسمان ائیر کے مینجنگ ڈائریکٹر حسین علائی اور بوئنگ کمپنی کے سربراہ جیمز لارسن نے اس معاہدے پر دستخط کئے ۔ معاہدے کے تحت ابتدائی مرحلے میں ایران بوئنگ کمپنی سے 737 ڈیزائن کے 30 طیارے خریدے گا اور دوسرے مرحلے میں بھی ایران کی آسمان کمپنی 30 مزید طیارے خریدے گی۔معاہدے کے تحت بوئنگ جہازوں کی پہلی کھیپ 2022 کے شروع میں ایران کے حوالے کردی جائے گی۔ دوسری جانب فرانسیسی کمپنی ائیربس نے بھی ایران کو 17 طیاروں کی فروخت کے لئے لائسنس ملنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور بوئنگ کمپنی میں طیاروں کی فروخت پر کافی عرصے سے مذاکرات چل رہے تھے۔ گزشتہ سال بوئنگ کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ طیاروں کی فروخت کے معاہدوں کی نوعیت کو جلد حتمی شکل دی جائے گی اور اس حوالے سے امریکی حکومت سے لائسنس کے حصول پر بھی کام کیا جائے گا۔جس کے بعد بوئنگ کمپنی کے ایک ترجمان نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ایران کے لئے 80 طیاروں کی فروخت کے لئے کمپنی کو لائسنس جاری ہوگیا ہے ۔ امریکی حکومت کی جانب سے لائسنس جاری ہونے کے بعد ہی بوئنگ اور آسمان ایئر کمپنی میں حتمی معاہدہ طے پایا ہے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.