بنیادی سطح پر ریلیف کی یقینی فراہمی کیلئے حکومت مسلسل کوشش جاری رکھے، صدر مملکت
اسلام آباد(بی ایل آٸی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کو قابل ستائش قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح پر ریلیف کی یقینی فراہمی کیلئے حکومت مسلسل کوشش جاری رکھے۔
وزیراعظم عمران خان سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
ملاقات میں کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر بات چیت کی گئی اور مختلف امور بھی زیرغور آئے۔ ملاقات کے دوران رمضان المبارک اور تراویح کی ادائیگی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی واپسی میں نرمی سے متعلق وزیراعظم کے اقدام کی تعریف کی۔ عارف علوی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام الناس کا خاص طور پر خیال رکھا جائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر سخت افسوس کا اظہار کیا کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوں نے بھارتی عمل کی شدید مذمت بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت کی جانب سے علمائے کرام کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرانے کی کاوش کو سراہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔