بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، عمران خان
کوئٹہ(بی ایل ٰآئی) وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کے ایک روزہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی کابینہ کے اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان سے وعدے تو کیے گئے مگر عملدرآمد نہ ہو سکا۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تو ایئر پورٹ پر گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی کے معاملات اور وفاقی حکومت کے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو وزیراعلیٰ کی جانب سے ترقیاتی اقدامات اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی پروگرام اور امن کے قیام کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم عمران سے بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے ممبران نے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین ملاقات میں شریک تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان سے وعدے تو کیے گئے مگر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ بلوچستان کیلئے ہماری حکومت نے پی ایس ڈی پی میں سب سے زیادہ فنڈز مختص کیے جو ہماری حکومت کی بلوچستان سے وابستگی اور خلوص نیت سے کمٹمنٹ کی عکاسی ہے۔
وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وزارت منصوبہ بندی نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ایک کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کابینہ اراکین نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
Be the first to comment