بلدیہ فیکٹری کیس کا مفرور ملزم عبدالرحمان بھولا بنکاک سے گرفتار

کراچی: 

بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بنکاک سے گرفتار کر لیا گیا۔

بنکاک پولیس اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی  کرتے ہوئے رائل گارڈن ہوٹل پر چھاپہ مار کر بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث مفرور ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو  گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کراچی منتقل کردیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے عبدالرحمان بھولا کی اہلیہ ثمینہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر فرار نہیں ہوئے بلکہ کام کے سلسلے میں بیرون ملک گئے ہوئے تھے، میرے شوہر بیگناہ ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے۔ ان سے جب پاک سر زمین پارٹی کی رکنیت سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کی جانب سے عبدالرحمان بھولا کی پارٹی رکنیت کے حوالے سے خبروں کا بخوبی علم ہے لیکن میرے شوہر پاک سرزمین پارٹی کے رکن ہیں اور میں نے اس حوالے سے پرفارما بھی میڈیا پر جاری کر دیا ہے، عدالت میں اپنے شوہر کی بیگناہی ثابت کروں گی۔

واضح رہے کہ گرفتار ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ ستمبر2012 کوکراچی کے علاقے سائٹ میں بلدیہ حب ریور روڈ پر واقع علی انٹرپرائیزئز نامی کمپنی کو بھتہ نہ دینے کی پاداش میں آگ لگا دی تھی اور اس افسوسناک واقعے میں 260 افراد زندہ جل گئے تھے۔ ملزم کے ایک ساتھی رضوان صدیقی کی گرفتاری کے بعد سے ہی عبدالرحمان بھولا بیرون ملک فرار ہوگیا تھا جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت گرفتار ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.