اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بجٹ منظوری کی ٹینشن نہ لینے اور اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت نے اپوزیشن سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزرا کو اپوزیشن کی زبان میں ہی جواب دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ کابینہ ارکان بجٹ منظوری کی ٹینشن نہ لیں، بجٹ ہم منظور کرالیں گے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ارکان کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں، اپوزیشن آپ کو کسی جگہ بولنے نہیں دیتی تو آپ بھی بولنے نہ دیں، اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں، اسمبلی کے ساتھ میڈیا پر بھی اپنے بیانیے پر قائم رہیں اور بھرپور جواب دیں۔
ذرائع کے مطابق وزیرعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن احتجاج کرناچاہتی ہے تو 100 دفعہ کرے لیکن عوام کی زندگی میں خلل ڈالا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں نے ڈرنا نہیں سیکھا اور نہ میں بلیک میل ہوتا ہوں، آپ کو ایڈوائس کرتا ہوں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔