کراچی(بی ایل ٰآئی)کراچی میں بارش ہونے کے بعد سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے اور بارش کے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کراچی میں بارش کے بعد یونیورسٹی روڈ پہنچ گئے جہاں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر انہوں نے کے ایم سی اور ڈی ایم سی ایسٹ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر بلدیات سندھ نے تمام ڈی ایم سیز کے ایم سیز، سندھ سولڈ ویسٹ اور واٹر بورڈ کے افسران سے اس ضمن میں رابطہ کر کے انہیں ہدایت کی کہ 2 گھنٹوں کے اندر شہر کے جن علاقوں میں پانی موجود ہے وہاں سے اس کی نکاسی کی جائے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پمپ اور مشینری کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پہنچ کر وہاں سے پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کریں۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں کے ساتھ گلیوں اورچوراہوں سے بھی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر کوتاہی کے مرتکب افسران اور ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں۔