ایک نارنجی روزانہ، بنائے آنکھیں توانا

سڈنی: 

ایک تازہ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدگی سے نارنجیاں کھانے والے افراد آگے چل کر اندھے پن کی وجہ بننے والی سب سے عام بیماری ’میکیولر ڈی جنریشن‘ سے محفوظ رہتے ہیں۔ سائنسدانوں نے یہ بات 15 سال کے طویل مطالعے کے بعد کہی ہے۔

یہ تحقیق آسٹریلیا میں ویسٹ میڈ انسٹی ٹیوٹ نے کی ہے جس میں 50 برس سے زائد 2000 افراد کا 15 سال تک سروے کیا گیا تھا۔ ان میں سے کئی افراد نے بتایا کہ وہ روزانہ ایک نارنجی (اورنج) ضرور کھاتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک نارنجی کھانے سے عمررسیدگی سے مخصوص ’میکیولر ڈی جنریشن ‘ کے مرض کا خطرہ 60 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

یونیورسٹی آف سڈنی میں واقع انسٹی ٹیوٹ کے ماہر اور تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر بامینی گوپی ناتھ نے کہا ہے کہ نارنجیوں میں موجود خاص فلیوی نوئیڈز آنکھوں کو کئی امراض سے بچاتے ہوئے ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ بامینی کے مطابق، اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ روز نارنجی نہ کھانے والوں کے مقابلے میں نارنجی روز کھانے والوں میں اس مرض کی شرح بہت کم تھی جو بالکل واضح ہے۔

بامینی کہتے ہیں کہ اب تک وٹامن اے، بی اور سی وغیرہ پر ہی توجہ رکھی گئی ہے لیکن فلیوی نوئیڈز کی اہمیت کو نوٹ نہیں کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے یہ سروے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ فلیوی نوئیڈز بدن کی سوزش کم کرتے ہیں اور جسم کو بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگرچہ یہ کئی پھلوں اور سبزیوں میں ہوتے ہیں لیکن نارنجی میں ان کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔

آسٹریلیا میں 50 برس سے زائد عمر کے ہر سات میں سے ایک شخص کو میکیولر ڈی جنریشن کا خطرہ رہتا ہے جس میں دھیرے دھیرے آنکھوں کی بصارت ختم ہوجاتی ہے۔ اسی وجہ سے آسٹریلیا میں کیا گیا یہ سروے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.