ایف بی آر ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن ٹریننگ پلان بنائے گا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس وصولیوں کے اعدادوشمار سمیت ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے اور اس کے موثر استعمال کے لیے خصوصی ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن ٹریننگ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ فیصلہ ایف بی آر کے ملک بھر میں مختلف قانونی فورمز پر زیرالتوا کیسوں کی الیکٹرانیکلی ٹریسنگ و مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرانے سے متعلق ہونے والے حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔ منٹس آف میٹنگ کے مطابق پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن کی ٹریننگ کا جامع پلان تیار کرکے فیلڈ فارمشنز کے ساتھ بھی شیئر کرے گا اور آئندہ ماہ کے وسط تک اس پلان کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جس میں ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن کو ڈیٹا سے متعلق سافٹ ویئرز کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ڈیٹا ایڈمنسٹریشن کو ٹیکس دہندگان سے متعلق تمام ڈیٹا کو محفوظ بنانے اور اس کے موثر استعمال کے حوالے سے بھی تربیت دی جائے گی اور او ای سی ڈی کے ساتھ معاہدے کے تحت ممبر ممالک کے ساتھ مستقبل میں معلومات کے تبادلے کے حوالے سے بھی ڈیٹا کے موثر استعمال کے فروغ میں مدد ملے گی۔
دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اس حوالے سے جدید سافٹ ویئر بھی تیار کرکے فیلڈ فارمشنز کو بھجوادیا ہے اور اس بارے میں یوزر ٹیسٹنگ رپورٹ بھی 10 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس رپورٹ کے بعد مذکورہ پلان کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جس میں ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریشن کو ڈیٹا سے متعلق سافٹ ویئرز کے استعمال کی تربیت دینا شروع کردی جائے گی۔

About BLI News 3253 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.