اسلام آباد(بی ایل آ ئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہاکہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کام ثبوت دینا نہیں ، نشاندہی کرنا ہوتاہے ، ثبوت تلاش کرنا اداروں کا کام ہے ، کل ثابت کریں گے کہ مریم نواز مے فیئرفلیٹس کی مالکن ہیں ، نوازشریف نے سچ کہاکہ کرپشن کا پیسہ کوئی اپنے نام پر نہیں رکھتا، امید ہے کہ دوہفتوں میں کیس انجام کو پہنچ جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھاکہ آٹھ مہینے سے حکومت کا کام صرف نوازشریف کی کرپشن کو چھپانارہ گیا،کل یہ ثابت ہوگاکہ مریم نوازفلیٹس کی مالک ہیں،مسلم لیگ ن یہ پراپیگنڈا کررہی ہے ، وزیرطوطوں کی طرح لگے رہتے ہیں کہ ہم ثبوت فراہم نہیں کرسکے، تفتیش کرنا اور ثبوت اکٹھے کرنااداروں کا کام ہے ،ادارے ثبوت اکٹھے کرکے اپوزیشن کو جواب دیتے ہیں، کابینہ ملک چلانے کی بجائے سپریم کورٹ میں بیٹھی ہے، جھوٹ بول بول کر موٹو گینگ کی شکلیں بدل گئی ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ حکمرانوں پر الزامات لگے تو متضاد بیانات سامنے آئے ، قطری شہزادہ چھلانگ لگا کر آگیالیکن بتادوں کہ اگرقطری شہزادہ جیل نہیں جاناچاہتاتو نہ آئے ، قطری کے بعد پتہ نہیں کونسا شہزادہ آئے گا، مریم نواکہہ چکی ہیں کہ میرا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں لیکن کل ثابت کریں گے کہ مے فیئرکی مالکن ہیں ، نوازشریف نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بیرون ملک منتقل کرکے بچوں کے نام پر کمپنیاں بنائیں ۔
عمران خان نے سپریم کورٹ میں پانامالیکس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ ہمارا کیس پیرتک ختم ہوجائے گا، پھر حکومت کا موقف سنا جائے گا، نوازشریف کے بچوں کے بیانات میں تضاد ہے ،اگر آئی سی آئی جے غلط ہے تو حکومت کیس کیوں نہیں کرتی ؟ اسحاق ڈار کا بیان حلفی موجود ہے ،میاں نوازشریف نے ایک ہی سچ بولا ہے کہ کرپشن کا پیسہ کوئی اپنے نام پر نہیں رکھتا، چوری کے پیسے کو چھپانے کے لیے کمپنیاں بنا کران کی آڑ لی ۔