اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر علامتی احتجاجی کیمپ
اسلام آباد( بی ایل آٸی)اپوزیشن جماعتوں نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری اور اسپیکر قومی اسمبلی کے رویئے کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر علامتی احتجاجی کیمپ لگایا اور اسپیکر قومی اسمبلی استعفی دو کے نعرے بھی لگائے، اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا اگر پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے گئے تو عدالتوں سے رجوع کرنے کیا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سےگرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج۔ اپوزیشن نے احتجاجی کیمپ میں گرفتار اراکین کے پوسٹر لگا دیئے۔ اسپیکر اسد قیصر کیخلاف نعرے بازی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ایک مقتدر ادارہ ہے ، گرفتار اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرکے ان کو انکے حق نمائندگی سے محروم کیا جارہا ہے۔ خواجہ آصف نے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کرنے سے ریکارڈ بن گیا۔ اتنے ارکان پارلیمنٹ پہلے کبھی گرفتار نہیں ہوئے مشرف کے زمانے میں بھی ایسا نہیں ہوا جو آج ہو رہا ہے۔
اپوزیشن اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ اسد قیصر تحریک انصاف کا نمائندہ بننے کے بجائے غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔ اپوزیشن نے احتجاجی کیمپ کے اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی استعفیٰ دو کے نعرے بھی لگائے۔