لندن:
دنیا کی مشہور یونیورسٹی آکسفورڈ نے موسیقی کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اپنا ریہرسل روم پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے نام سے منسوب کردیا۔
معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی گلوکاری اور سروں کا لوہا پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں منوالیا ہےاور ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کی معروف درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے ریہرسل روم ان کے نام سے منسوب کردیا ہے جس کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے گلوکاربن گئے ہیں۔
راحت فتح علی خان خصوصی کمرے کے افتتاح کے لیے خود بہت جلد برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں افتتاحی تقریب کے بعد کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا جب کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میوزک روم کانام راحت فتح علی خان کے نام سے منسوب کرنا درسگاہ کی جانب سے موسیقی کو سراہنے کا پہلا قدم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں راحت فتح علی خان نے یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جہاں میوزیکل ایونٹ بھی رکھا گیا تھا۔